انڈر 19 کپ: پاکستان نے انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

اتوار کو کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے 259 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے بلے باز اذان اویس کو انڈیا کے خلاف ناقابل شکست سینچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (تصویر: پاکستان کرکٹ بورڈ/ ایکس)

دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے اذان اویس کی شاندار سینچری کی بدولت انڈیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

آئی سی سی اکیڈمی میں اتوار کو کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے 259 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اذان اویس نے عمدہ سینچری سکور کی جبکہ کپتان سعد بیگ اور شاہزیب خان نے نصف سینچریاں سکور کیں۔

اذان اویس نے 130 گیندوں پر دس چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 105 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں اس شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں شاندار پارٹرنرشپ کرنے والے کپتان سعد بیگ نے 51 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ان کے علاوہ اوپنر شاہزیب خان نے بھی 63 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور چار چوکے بھی شامل ہیں۔ دوسرے اوپنر شامل حسین تھے جو صرف آٹھ رنز ہی بنا سکے۔

انڈیا کی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے مروگن ابھیشیک واحد بولر تھے جو دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہو سکے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انڈیا مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈیا کی جانب سے اوپنر ادارش سنگھ نے 62، کپتان اودے سہاران 60 اور سچن داس 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

جبکہ پاکستان کی طرف سے محمد ذیشان ایک بار پھر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اووروں میں 46 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ذیشان کے علاوہ عامر حسن اور عبید شاہ نے دو، دو جبکہ عرافات منہاس نے ایک وکٹ لی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ