وٹس ایپ ایموجی جیسی نظر آنے والی ہالینڈ کی سب سے چھوٹی گاڑی

دنیا میں کئی اقسام کی مائیکرو گاڑیاں موجود ہیں، وہیں یہ ڈچ گاڑی اس لیے قابل ذکر ہے کیوں کہ یہ حقیقت میں وٹس ایپ کے سرخ گاڑی والے ایموجی جیسی لگتی ہے۔

وٹس ایپ کے سرخ گاڑی والے ایموجی جیسی گاڑی (رمیشہ علی/انڈپینڈنٹ اردو)

ہالینڈ کے سب سے مصروف شہر ایمسٹرڈیم کی کسی بھی سڑک پر آپ صرف پانچ منٹ میں تقریباً دو سے تین کینٹا نامی گاڑیاں گزرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

پہلی نظر میں تو یہ گاڑی کسی کھلونے جیسی لگتی ہے، جسے کوئی بچہ سڑک پر گاڑی چلا رہا ہو، لیکن درحقیقت یہ تمام بنیادی اور جدید آلات سے لیس ایک مائیکرو کار ہے، جسے ایک چھ فٹ لمبا شخص بھی باآسانی چلا سکتا ہے۔

جہاں دنیا میں کئی اقسام کی مائیکرو گاڑیاں موجود ہیں، وہیں یہ ڈچ گاڑی اس لیے قابل ذکر ہے کیوں کہ یہ حقیقت میں وٹس ایپ کے سرخ گاڑی والے ایموجی جیسی لگتی ہے۔

ڈچ مینوفیکچرر Waaijenberg Mobiliteit کے بانی اور سابق کار ریسر ڈک وائنبرغ نے ڈیلفٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی شراکت داری سے کینٹا کو 1995 میں متعارف کروایا تھا۔

اس گاڑی کا اختراع معذور افراد کی نقل و حرکت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حل کے طور پر کیا گیا تھا۔

ہالینڈ میں معذور افراد کے لیے گاڑی کا لائسنس لینا آسان نہیں ہے، اسی وجہ سے کینٹا کو لائسنسنگ سے مستثنیٰ کر دیا گیا اور سائیکل لین میں چلانے کی اجازت دے دی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم اس فیصلے سے ناصرف معذور افراد بلکہ کئی نوجوان اور معاشی طو پر کمزور افراد کو بھی فائدہ ہوا۔

یہ گاڑی دیگر ڈچ گاڑیوں کے مقابلے میں سستی ہے اور بغیر لائسنس کے چلائی جاسکتی ہے۔ گاڑی کے پچھلے حصے میں وہیل چیئر رکھنے کی جگہ بھی موجود ہے۔

کینٹا ایک سے دو افراد کے بیٹھنے کے لیے بنائی گئی ہے اور گاڑی کے اندرونی حصے کو زیادہ سے زیادہ جگہ فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ گاڑی کے چھوٹے سائز کے باوجود حیرت انگیز طور پر آرام دہ ڈرائیونگ کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔

گاڑی کا پہلا ماڈل جو کہ سرخ رنگ والے وٹس ایپ کے ایموجی جیسا ہے، مینوئل اور پیٹرول پر چلنے والا ہے۔

گاڑی کا اوسط فی لیٹر 20 کلو میٹر ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 35 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔

Waaijenberg Mobiliteit نے کینٹا کا مینوئل ماڈل 2017 میں بنانا بند کردیا تھا، تاہم اب اسے الیکڑک ٹرانسمیشن کے ساتھ جدید خطوط پر بنایا جاتا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی