پیٹ کمنز کی 10 وکٹیں: پاکستان کو پرتھ کے بعد میلبرن ٹیسٹ میں بھی شکست

آسٹریلیا نے کپتان پیٹ کمنز کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو پرتھ کے بعد میلبرن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھی 79 رنز سے شکست دے دی۔

29 دسمبر، 2023 کی اس تصویر میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز میلبرن ٹیسٹ کے دوران پاکستانی بلے باز امام الحق کی وکٹ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

آسٹریلیا نے کپتان پیٹ کمنز کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو پرتھ کے بعد میلبرن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھی 79 رنز سے شکست دے دی۔

میچ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 187 رنز پر چھ وکٹوں کے نقصان کے ساتھ بلے بازی شروع کی تو اس کی اننگز 262 رنز پر سمٹ گئی۔

 آسٹریلیا نے میچ کی پہلی اننگز میں 318 جبکہ پاکستان نے 264 رنز بنائے تھے اور میزبان ٹیم کو میچ کی پہلی اننگز میں بھی 54 رنز کی برتری حاصل تھی۔

یوں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 317 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جن کے بعد کپتان شان مسعود اور امام الحق نے 41 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا سکور 49 پر پہنچا دیا۔

یہاں امام الحق بھی چلتے بنے اور کپتان شان مسعود کا ساتھ نبھانے کے لیے بابراعظم کو میدان میں آنا پڑا۔

بابر اعظم اور شان مسعود نے پاکستانی اننگز کو سنبھالا دیتے ہوئے سکور 110 تک ہی پہنچایا تھا کہ شان مسعود بھی 60 رنز پر بنا کر پیٹ کمنز کا نشانہ بن گئے۔

 وہ عمران خان کے بعد دوسرے پاکستانی کپتان ہیں جنہوں نے آسٹریلیا میں ایک میچ کے دونوں اننگز میں پچاس رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شان مسعود کے بعد بابراعظم بھی 41 رنز بنا کر ہیزل وڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد سعود شکیل بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔

محمد رضوان نے تیزی سے کھیلتے ہوئے پاکستان کو سکور کو آگے بڑھایا لیکن تھرڈ امپائر کے ایک فیصلے کی بدولت انہیں بھی نہ چاہتے ہوئے 35 رنز پر میدان سے باہر جانا پڑا اور ان کے ساتھ پاکستان کے میچ جیتنے کی امید بھی میدان سے باہر چلی گئی۔

محمد رضوان کی وکٹ کے بعد کوئی بھی پاکستانی بلے باز وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی رہیں۔

لوئر مڈل آرڈر میں آغا سلمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 49 رنز کے عوض پانچ اور میچل سٹارک نے 55 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

کمننر نے میچ کی پہلی اننگز میں بھی 48 رنز دے کر پانچ پاکستانی بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا تھا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز میں آسٹریلیا کو پاکستان پر دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ تین جنوری 2024 سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ