چھوٹی بہن کی سالگرہ پر بڑی بہن کا خط

ہر انسان کے خیالات، احساسات، نظریات، اور حالات و واقعات الگ ہوتے ہیں۔ وہ اسی کے مطابق اپنی زندگی جیتا ہے۔ اسے اسی میں اپنا سکون ڈھونڈنا چاہیے۔ تم یہ کلیہ جتنی جلدی سیکھ لو گی تمہاری زندگی اتنی جلدی پرسکون ہو جائے گی۔ 

(اینواتو)

پیاری مناہل،،، کل تمہاری سالگرہ ہے۔ کل تم اپنی زندگی کا ایک اور سال مکمل کر لو گی۔ پھر ایک نیا سال شروع ہو گا۔ اس کے لیے تم نے بہت سی چیزیں سوچ رکھی ہوں گی۔ میری دعا ہے کہ تم ان سب چیزوں کو مکمل کر پاؤ اور ایک کامیاب زندگی گزارو۔

یہ تحریر کالم نگار کی زبانی سننے کے لیے کلک کیجیے

کامیابی کی بھی ایک الگ کہانی ہے۔ یہ ہر ایک کے لیے مختلف ہوتی ہے۔ کسی کے لیے کامیابی پیسوں سے جڑی ہوتی ہے تو کسی کے لیے گھر کے سکون سے تو کسی کے لیے ملکوں ملکوں کے سفر سے تو کسی کے لیے نت نئی ٹیکنالوجی کے حصول سے۔

ہر کسی کا اپنے لیے کامیابی ماپنے کا اپنا پیمانہ ہے۔ وہ اسی پیمانے کی مناسبت سے دوسروں کی کامیابی یا ناکامی کو بھی پرکھتے ہیں۔ تمہیں ان لوگوں کے دبائو میں نہیں آنا۔ تمہیں اپنا سفر خود طے کرنا ہے۔

ہر انسان کے خیالات، احساسات، نظریات، اور حالات و واقعات الگ ہوتے ہیں۔ وہ اسی کے مطابق اپنی زندگی جیتا ہے۔ اسے اسی میں اپنا سکون ڈھونڈنا چاہیے۔ تم یہ کلیہ جتنی جلدی سیکھ لو گی تمہاری زندگی اتنی جلدی پرسکون ہو جائے گی۔

پیاری مناہل، یہ یاد رکھو کہ اس دنیا میں سب سے قیمتی چیز وقت ہے۔

وقت کبھی لوٹ کر واپس نہیں آتا۔ ہمیں اس کا صحیح استعمال کرنا چاہیے۔ اسے کسی ایسے انسان پر ضائع نہ کرو جو اس کا حق دار نہ ہو۔

اسے ایسے تجربات پر بھی ضائع نہ کرو جو تمہاری زندگی کو آگے بڑھانے میں کوئی حقیقی کام نہیں کر رہے۔

تمہاری نسل سوشل میڈیا کی دیوانی ہے۔ سوشل میڈیا پر جو دکھائی دیتا ہے وہ پورا سچ نہیں ہوتا۔ اسے دیکھ کر اپنی زندگی ویسی بنانے کا سوچنا یا اپنی زندگی پر ترس کھانا بس تمہاری ذہنی حالت خراب کرے گا۔

مجھے ان سوشل میڈیا انفلونسرز پر بہت ترس آتا ہے۔ ان کی زندگی کیمرے کے بغیر ادھوری ہے۔

کھانا کھانے بھی بیٹھتے ہیں تو ساتھ کیمرہ لگا لیتے ہیں۔ اب چاہے دال میں نمک کم ہو لیکن انہیں منہ ایسے بنانا پڑتا ہے جیسے اس سے زیادہ مزے کی دال انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں کھائی۔

میں تمہاری سالگرہ کے موقع پر تمہیں ایک اور مشورہ دینا چاہتی ہوں۔

نہ کہنا سیکھو۔ ہر اس چیز کو، ہر اس انسان کو اور ہر اس تجربے کو جو تمہیں اپنے لیے اچھا نہ لگ رہا ہو۔

مروت میں خود کو مجبور نہ کرنا۔ دل کڑا کر کے نہ کہہ دینا۔ یہ نہ کہنا تمہیں بہت فائدہ دے گا۔

میں نے نہ کہنا بہت دیر سے سیکھا تھا اور اس کی وجہ سے میں بہت مشکلات کا شکار بھی ہوئی۔ میں نہیں چاہتی تم ان مشکلات سے گزرو۔

اب تو مصنوعی ذہانت کا زمانہ ہے۔ تم اگر کسی پیچیدہ صورتحال کا شکار ہو اور تمہیں وہ سمجھ نہ آ رہی ہو یا سمجھ آنے کے باوجود بھی تم اسے سمجھنے سے انکاری ہو تو کسی بھی مصنوعی ذہانت کی ویب سائٹ کو وہ صورتحال بتائو اور دیکھو وہ کیا کہہ رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پھر خود کو اس صورتحال سے باہر نکال کر سوچو کہ کوئی اور اس صورتحال میں ہوتا تو تم اسے کیا مشورہ دیتیں۔ پھر تمہارا جو دل کہے اسی پر عمل کرو چاہے وہ تمہیں کتنا ہی مشکل کیوں نہ لگ رہا ہو۔

ہمارے دیسی گھرانوں میں کمیونیکیشن کا شدید مسئلہ ہوتا ہے۔ دوسروں کے مسائل حل کرانے والے اپنے گھر والوں کے مسائل سے ہی ناواقف ہوتے ہیں۔ ہمیں اپنے گھر والوں کو اپنی مشکلات بتاتے ہوئے جھجھک محسوس ہوتی ہے۔

تمہیں اگر کبھی لگے کہ مصنوعی ذہانت یا تمہاری اپنی سوچ بھی تمہیں صحیح فیصلہ لینے میں مدد نہیں دے پا رہی تو تم مجھ سے بات کر سکتی ہو۔ انسان کے اپنے گھر والوں سے زیادہ کوئی اور مخلص نہیں ہوتا۔

آخر میں بس یہ کہوں گی کہ جو تمہیں دکھ یا تکلیف دیں، پہلے ان کا خود سے رشتہ دیکھو۔ اگر وہ ایسے لوگ ہیں جو کچھ عرصےمیں تمہاری زندگی میں نہیں رہیں گے تو ان کی باتوں کا غم نہ کرو۔ انہیں الوداع کہو اور اپنی زندگی میں آگے بڑھو۔ لوگ ایسے ہی ہوتے ہیں۔ 

جو ہماری پرواہ کرتے ہیں وہ ہمیں کبھی تکلیف نہیں پہنچاتے۔ جو ہماری پرواہ نہیں کرتے وہ کبھی بھی ہمیں تنگ کرنے کا موقع اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ انہیں سمجھانے میں اپنی توانائی ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ ان سے اچھے سے سلام دعا لے کر اپنی راہ لی جائے۔

تمہاری پڑھائی مکمل ہونے والی ہے۔ اب تمہیں اپنی پہلی ملازمت ڈھونڈنی ہے۔ اپنی ساری توانائی اس پر صرف کرو۔ عورت کا اپنے پیروں پر کھڑا ہونا بہت ضروری ہے۔ یہی اسے طاقت ور بناتا ہے اور میں تمہیں بہت طاقت ور دیکھنا چاہتی ہوں۔

بس اس سال اس سفر پر نکل پڑو اور خود کو اپنی عمر کی دوسری لڑکیوں سے بہتر بناؤ۔ سالگرہ مبارک۔۔۔

نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ