امبانی خاندان سے ملیے: کون کیا کرتا ہے؟

اننت امبانی کی قبل از شادی تقریبات کے مہمانوں کی فہرست میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، سندر پچائی، ایوانکا ٹرمپ، بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان اور لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر شامل ہیں۔

ریلائنس کی جانب سے دو مارچ 2024 کو جاری کردہ تصویر میں مکیش امبانی (بائیں) اور ان کی اہلیہ نیتا امبانی،جو ریلائنس فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن اور بانی ہیں، اپنے بیٹے اننت امبانی کے ساتھ جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی تین روزہ قبل از شادی تقریبات کے دوران (ریلائنس/اے ایف پی)

منگنی کی خوشی منانے میں عام طور پر چند دوستوں اور اہل خانہ سمیت تھوڑے سے لوگ شریک ہوتے ہیں، نہ کہ تین دن جاری رہنے والی متاثرکن اور شاہانہ تقریبات جن میں ریحانہ کا ایک نجی شو، آئیکون کی پرفامنس والی آفٹر پارٹی اور دلہے کی والدہ نے چار کروڑ 70 پاؤنڈ کا زمرد کا ہار پہنا ہو۔

لیکن امبانی کوئی عام خاندان نہیں ہے، اور یہ شادی سے پہلے والی کوئی عام پارٹی نہیں تھی۔ یہ تقریب ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی دولت کی جھلک پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی دیرینہ گرل فرینڈ رادھیکا مرچنٹ سے منگنی کا اعلان کیا، جو خود بھی ایک اور امیر صنعت کار خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔

 یہ شادی، جو کئی مہینوں بعد ہو گی، ماضی قریب میں ہوئی سب سے بڑی شادیوں میں سے ایک ہونے والی ہے۔

جمعے سے اتوار تک جاری رہنے والی اس تقریب میں شاندار زیورات، قیمتی جواہرات اور دلکش ملبوسات کی نمائش کی گئی۔ دلہن نے گلابی رنگ کا ورساچی گاؤن پہن رکھا تھا جس کو پہن کر ماضی میں بلیک لائیولی نے ماڈلنگ کی تھی۔ اس دوران ایک اندازے کے مطابق 1200 مہمانوں کو پرتعیش خیمے میں رکھا گیا تھا جس میں ہیئر اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور روایتی انڈین ساڑھیاں باندھنے والوں کا ایک دستہ تھا۔

مارک زکربرگ، بل گیٹس، ایوانکا ٹرمپ اور شاہ رخ خان سمیت مشہور شخصیات نے تین دن میں 500 سے زائد پکوانوں میں سے انتخاب کرنا تھا، جنہیں تقریباً 100 چوٹی کے باورچیوں نے تیار کیا تھا۔

صرف کیٹرنگ کے معاہدے کے بارے میں افواہیں تھیں کہ یہ معاہدہ تقریبا دو کروڑ پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے، جبکہ کچھ رپورٹوں میں اس تقریب کی کل لاگت 12 کروڑ پاؤنڈ بتائی گئی، جو امبانی کی تخمینہ 120 ارب ڈالر کی دولت کا تقریباً 0.1 فیصد ہے۔

یہ تقریب اتنی بڑی تھی کہ انڈین حکومت کو مجبوراً مغربی گجرات کے جام نگر میں مقامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر اپ گریڈ کرنا پڑا تاکہ اس میں دنیا بھر سے آنے والے نجی طیاروں کو جگہ مل سکے۔

مقامی سطح پر اس بات پر تنقید کی جا رہی ہے کہ عسکری طور پر حساس سمجھے جانے والے انڈین فضائیہ کے ایک اڈے کو ایسے مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور عوامی خرچ پر امیگریشن اور کسٹمز کے لیے عارضی ڈیسک چلائے جائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ پورا پروگرام 66 سالہ امبانی کی جانب سے معاشی اور سیاسی اثر و رسوخ کا مظاہرہ کرتا ہے، جو اس وقت دنیا کے 10 ویں امیر ترین شخص ہیں۔

 ان کی ریلائنس انڈسٹریز ایک بہت بڑا گروپ ہے، جس کی سالانہ آمدنی 100 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جس میں پیٹرو کیمیکل، تیل اور گیس سے لے کر ٹیلی کام اور ریٹیل تک شامل ہیں۔

ان کی قیادت میں 1966 میں ان کے والد دھیرو بھائی امبانی کی قائم کردہ ریلائنس نے 2016 میں فور جی فون اور براڈ بینڈ سروس جیو کے آغاز کے ساتھ ٹیلی کام کی قیمتوں کی مقابلے بازی کو جنم دیا تھا۔

 آج اس کے 42 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں اور یہ ملک کے دور دراز علاقوں میں فائیو جی سروسز فراہم کرتا ہے۔ اس ہفتے کے اوائل میں ڈزنی نے اپنے انڈیا میں کاروبار کو امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ ضم کرنے کے لیے 8.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا، جس سے ایک نیا میڈیا کمپنی بنی۔

امبانی خاندان کے پاس دیگر اثاثوں کے علاوہ ممبئی میں ایک 27 منزلہ نجی اپارٹمنٹ والی عمارت ہے جس کا نام ’اینٹیلا‘ ہے جس کی مالیت ایک ارب ڈالر ہے۔ اس میں تین ہیلی پیڈ، ایک 160 کاروں کا گیراج، ایک نجی مووی تھیئٹر، ایک سوئمنگ پول اور ایک فٹنس سینٹر ہے۔

امبانی کے ناقدین کا کہنا ہے کہ 1970 اور 80 کی دہائی میں کانگریس کی حکومتوں کے دوران اور بعد میں 2014 سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے دوران سیاسی رابطوں کی وجہ سے ان کی کمپنی پھلی پھولی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انڈیا میں ’کرونی کیپیٹلزم‘ کی ثقافت نے امبانی اور ان کے سب سے بڑے حریف اڈانی گروپ جیسی کئی بڑی کارپوریشنوں کو مارکیٹ میں زیادہ پھلنے پھولنے کا موقع دیا ہے۔

سٹینفورڈ یونیورسٹی چھوڑنے والے امبانی نے 1985 میں ایک پیشہ ور بھرت ناٹیم رقاصہ اور سکول استاد نیتا دلال سے شادی کی تھی۔ شادی کے چھ سال بعد اس جوڑے کے جڑواں بچے پیدا ہوئے – آکاش اور ایشا امبانی۔ چار سال بعد سب سے چھوٹا بیٹا اننت پیدا ہوا۔

امبانی کے سبھی بچوں نے امریکہ کی آئیوی لیگ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کی ہے اور اب وہ اپنے والد کے کاروبار کی مختلف شاخیں چلا رہے ہیں۔

براؤن یونیورسٹی سے اکنامکس میں گریجویشن کرنے والے آکاش امبانی اب ریلائنس جیو انفوکام میں چیف آف سٹریٹجی ہیں۔ ایشا امبانی، جو ییل یونیورسٹی سے نفسیات میں گریجویٹ ہیں، اب ریلائنس جیو انفوکام اور ریلائنس ریٹیل میں ڈائریکٹر ہیں۔

ان کے سب سے چھوٹے بھائی اور اس ہفتے کے آخر میں بننے والے دلہا نے بھی براؤن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے اور ریلائنس کے انرجی کے کاروبار میں ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اننت کی ماں نے 2017 میں ٹائمز آف انڈیا کو بتایا تھا کہ بڑے ہوتے ہوئے، اننت دمے کے مرض میں مبتلا تھے، اس لیے انہیں بہت سارے سٹیرائڈ لینے پڑے۔

 انہوں نے کہا کہ علاج کے نتیجے میں وزن بہت زیادہ بڑھ گیا۔ گذشتہ ہفتے شادی سے قبل اپنی تقریر کے دوران انہوں نے اپنے والدین کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی صحت کے مسائل کی وجہ سے ان کی زندگی کبھی بھی ’پھولوں کا بستر‘ نہیں رہی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’میں نے بچپن سے ہی صحت کے کئی مسائل کا سامنا کیا ہے لیکن میرے والد اور والدہ نے مجھے کبھی بھی محسوس نہیں ہونے دیا۔ میرے والد اور والدہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور انہوں نے مجھے یہ احساس دلایا ہے کہ اگر میں سوچ سکتا ہوں، تو میں یہ کر سکتا ہوں۔‘

اس ویک اینڈ جیسی غیر معمولی پارٹیاں، جس میں آٹھ سالوں میں ریحانہ کا پہلا مکمل لائیو شو دیکھا گیا، امبانی خاندان کی خصوصیت ہے۔

ان کے علاوہ اور کون سونے اور چاندی کی پٹیوں والی سیکوئن ساڑی میں ملبوس اور فانوس نماں بالیاں پہنے ایوانکا ٹرمپ کو اس کے شوہر جیرڈ کشنر کے ہمراہ ملک کے ایک پرسکون کونے میں’ایورلینڈ میں جادوئی شام‘ کی تقریب میں شرکت کے لیے بلا سکتا ہے۔

یا زکربرگ اور ان کی اہلیہ پرسیلا چین کو الیگزینڈر میک کیوین کے ڈیزائن کردہ سیاہ لباس پہن کر خاموش عیش و عشرت کی زندگی سے نکال سکتا ہے۔

ہفتے کو فیس بک کے بانی نے شیرنی والی شرٹ پہن کر اپنے فیشن میں اضافہ کیا تھا۔ اس رات، چین نے فطرت کی تھیم پر مبنی دو سنہری پرندوں والا ٹو پیس پہنا تھا اور زکربرگ نے ایک ایسا لباس پہنا تھا جس پر پھول اور جنگلی حیات بنی ہوئی تھی۔

اتوار کو، چین نے انسٹاگرام پر اپنی آخری رات کا لباس شیئر کیا – چھوٹے پھولوں کے ڈیزائن کے ساتھ جامنی رنگ کی ساڑی، جبکہ زکربرگ نے بھورے رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب امبانی خاندان نے اپنی شادی کی بڑی تقریب منعقد کی ہو۔

سال 2018 میں جب ان کی بیٹی کی شادی ہوئی تو امبانی نے عالمی میگا سٹار بیونسے کو شادی سے قبل کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے بک کرایا۔ اس وقت سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور جان کیری ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے مغربی انڈیا کے شہر اودے پور میں انڈین شخصیات اور بالی وڈ ستاروں کے ساتھ گھوم پھر رہے تھے۔

اسی سال کے آخر میں ایشا امبانی اور آنند پیرامل نے اٹلی کی خوبصورت جھیل کومو کو دیکھتے ہوئے باضابطہ طور پر اپنی منگنی کا جشن منایا۔ دسمبر 2018 میں انہوں نے ممبئی میں امبانی کی رہائش گاہ پر شادی کی تھی۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق امبانی خاندان نے اس وقت شادی پر تقریباً سات کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ خرچ کیے تھے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا