وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے

حکومت سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خواجہ محمد آصف کو دفاع، محمد اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، عطا ﷲ تارڑ کو وزارت اطلاعات، عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری، محمد احسن اقبال کو منصوبہ بندی کا قلمدان دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کو  اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا (وزیراظم آفس)

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد حکومت سازی اور دیگر سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
  • سعودی ولی عہد کی آصف علی زرداری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد
  • میرے خلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں: سابق صدر علوی
  • الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران تعینات کر دیے

11 مارچ 11 بجکر 15 منٹ

وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے

پاکستان کی وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کو آج قلمدان سونپ دیے گئے۔  

حکومت سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خواجہ محمد آصف کو دفاع، محمد اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، عطا ﷲ تارڑ کو وزارت اطلاعات، عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری، محمد احسن اقبال کو منصوبہ بندی، چوہدری سالک حسین کو اوورسیز پاکستانی اور محسن نقوی کو وزرات داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔

جام کمال خان کو وزارت تجارت، رانا تنویر حسین کو صنعت و پیداوار، مصدق ملک کو پیٹرولیم، اعظم نذیر تارڑ کو قانون، خالد مقبول صدیقی کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، قیصر شیخ، ریاض پیرزادہ ، احد چیمہ، اویس لغاری کو ریلوے اور محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا قلمندان دیا گیا ہے۔

احد چیمہ کو اکنامک افیئرز اور قیصر احمد شیخ کو میری ٹائمز کی وزارت دی گئی ہے۔


11 مارچ نو بجکر 30 منٹ

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کی کو نئی منتخب وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ہے۔

ایوان وزیراعظم سے جاری ہونےو الے بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو ملک میں اشیائے خورد و نوش اور روز مرہ کی دیگر اشیا کی قیمتوں کے کنٹرول کے لیے فی الفور کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

بیان کے مطابق یہ پابندی ماہ رمضان کے دوران کیلوں اور پیاز کی مارکیٹ میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہمارا سب سے پہلا امتحان ماہ رمضان میں اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے۔‘

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیدرلینڈز کے شہری محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی ہے۔


11 مارچ 5 بجکر 5 منٹ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ایوان بالا یعنی سینیٹ کی خالی ہونے والی 48 نشستوں پر دو اپریل کو انتخابات ہوں گے۔

سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینیٹ الیکشن دو اپریل کو کروائے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ سینیٹ کی ان نشستوں پر انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کرے گا۔

سال 2018 میں منتخب ہونے والے 52 سینیٹر اپنی چھ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد 12 مارچ 2024 کو ریٹائر ہو جائیں گے، تاہم سابقہ فاٹا سے منتخب چار ارکان سینیٹ کی جانب سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا۔


11 مارچ 3 بجکر 20 منٹ

پاکستان کی 19 رکنی وفاقی کابینہ نے پیر کو حلف اٹھا لیا ہے۔

اس 19 رکنی ارکان پر مشتمل وفاقی کابینہ سے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے حلف لیا۔

وفاقی کابینہ میں شامل ارکان کے ناموں پر مشتمل فہرست پیر ہی کو وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پاکستان کو بھیجی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، جام کمال خان، انجنیئر امیر مقام، سردار اویس احمد خان لغاری، عطااللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ، میاں ریاض حسین پیرزادہ، محمد اسحاق ڈار اور مصدق ملک شامل ہیں۔


11 مارچ 3 بجکر 05 منٹ

سعودی سفیر کی پاکستانی وزیر اعظم کو دورہ سعودی عرب کی دعوت

پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے پیر کو جاری کیے جانے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیر اعظم کے دوبارہ انتخاب پر نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی برادرانہ تعلقات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی سفیر پہلے سفارت کار ہیں جن کا وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد استقبال کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے مطابق ان کی حکومت کی ترجیح پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آزمودہ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند، سٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہو گی، جس کا مرکز پاکستان میں قابل سرکامیہ کاری منصوبوں کے لیے سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے ’روڈ ٹو مکہ‘ اقدام کا دائرہ کار بڑھانے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا، جس سے پاکستانی عازمین حج کو سہولت ملے گی۔

وزیراعظم کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دیتے ہوئے سعودی سفیر نے وزیراعظم کو سعودی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ہمیشہ قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔


11 مارچ 2 بجکر 40 منٹ

خیبر پختونخوا پولیس کا آڈٹ کرایا جائے گا: عمر ایوب خان

قومی اسمبلی میں قائد حذب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبائی پولیس کی کارکردگی کا آڈٹ کرائے گی۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ صوبائی پولیس کا آڈٹ پیرا اور کارکردگی کو چیک کریں گے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کے ساتھ جو زیادتیاں کیں ہیں ان کا جائزہ لیا جائے گا۔


11 مارچ 2 بجکر 15 منٹ

جسٹس محمد ہاشم کاکڑ بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس

بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئیر ترین جج جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے صوبے کی عدالت عالیہ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں جسٹس محمد اعجاز سواتی نے قائم مقام چیف جسٹس سے حلف لیا۔

حلف کے بعد قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے پہلے حکم میں کہا: ’میرے تمام سفری اوقات کے دوران کسی قسم کا روایتی پروٹوکول نہ اپنایا جائے، اس دوران ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے تا کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران عوام کے لئے کوئی رکاوٹ و خلل پیدا نہ ہو اور عوامی معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔‘


11 مارچ 1 بجکر 30 منٹ

وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس آج شام پانچ بجے ہو گا

نامہ نگار مونا خان کے مطابق پاکستان میں نئی وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہو گا جبکہ اس سے قبل تین بجے نئی وفاقی کابینہ ایوان صدر میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائے گی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری فہرست میں 19 وزرا پر مبنی وفاقی کابینہ کے نام شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ان کابینہ ارکان کے نام صدر آصف علی زرداری کو تجویز کیے ہیں۔


11 مارچ 12 بجکر 05 منٹ

صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر


11 مارچ 11 بجکر 55 منٹ

لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ ضمانت پر رہا، حافظ فرحت کی آج پیشی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ کے بیٹے شہباز کھوسہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کو کل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

نامہ نگار فاطمہ علی کے مطابق اتوار کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف کیے گئے ملک گیر احتجاج کے نتیجے میں لاہور کے تین مختلف تھانوں میں پارٹی کی مرکزی قیادت جن میں سردار لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور حافظ فرحت سمیت پارٹی کارکنان پر مقدمات درج کیے گئے۔

ایس ایچ او تھانہ اچھرہ محمد بلال نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کو گذشتہ رات ہی شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

تھانہ انارکلی لاہور کے ایس ایچ او جاوید نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’حافظ فرحت عباس اور 38 کارکنان کو پیر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا ان پر چونکہ 780 اے لگی ہے اس لیے اب ان کی ضمانتیں عدالت سے ہی ہو سکیں گی۔‘۔

اتوار کو مال روڈ کے جی پی او چوک پر پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دے رکھی تھی جہاں پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کا تصادم ہوا۔

اس کے نتیجے میں لاہور کے تھانہ انارکلی میں پی ٹی آئی کے حافظ فرحت اور خواتین سمیت 38 کارکنان کے خلاف دہشت گردی، اغوا کاری، کار سرکار میں مداخلت اور حراساں کرنے سمیت  دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

جبکہ تھانہ شمالی چھاؤنی میں سردار لطیف کھوسہ اور تھانہ اچھرہ میں سلمان اکرم راجہ کے خلاف دفعہ 290 اور 291 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ تینوں تھانوں میں مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔

انارکلی تھانے میں حافظ فرحت عباس کے خلاف درج ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ مال روڈ پر احتجاج کے دوران حافظ فرحت عباس کارکنان کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور جلا گھراؤ کرنے کے لیے  اشتعال دلاتے رہے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ حافظ فرخت عباس نے چار پانچ نامعلوم ساتھیوں سمیت شدید فائرنگ کی۔ ملزمان کا ایک فائر سرکاری گاڑی کو بھی لگا۔

ایف آئی آر میں مزید درج ہے کہ حافظ فرحت عباس نے ساتھیوں کے ہمراہ کانسٹیبل کی وردی پھاڑی اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی جسے استنبول چوک سے بازیاب کروایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق حافظ فرحت عباس کو قابو کر کے پولیس نے ان سے پستول بھی برآمد کیا جبکہ گرفتار 42 ملزمان سے ڈنڈے اور سوٹے بھی برآمد کیے گئے۔

شمالی چھاؤنی تھانے میں سردار لطیف کھوسہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ سردار لطیف کھوسہ 15 سے 20 نا معلوم شر پسند عناصر کے ہمراہ صدر گول چکر پر اپنی گاڑی سے سڑک بلاک کر کے احتجاج اور نعرے بازی کر رہے تھےجن کو پولیس نے موقع سے گرفتار کیا جبکہ نامعلوم افراد موقع سے فرار ہو گئے۔

تھانہ اچھرا میں سلمان اکرم راجہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں بھی یہ ہی الزام لگایا گیا کہ سلمان اکرم راجہ جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ کے قریب سڑک بلاک کر کے 15 سے 20 نامعلوم افراد کے ہمراہ احتجاج اور نعرے بازی کر رہے تھے جب پولیس نے انہیں روکا۔ نامعلوم افراد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا گیا۔


11 مارچ 11 بجکر 20 منٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے لیے نام صدر کو تجویز کر دیے

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تعیناتی کے لیے 19 ناموں پر مبنی فہرست صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھیج دی۔

وزیراعظم کی تجویز کردہ اس فہرست میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر، اعظم نذیر تارڑ، چوہدری سالک، عبدالعلیم خان، جام کمال، امیر مقام، اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ اور ریاض پیرزادہ کے نام بطور وفاقی وزرا شامل ہیں۔

اس فہرست میں اسحاق ڈار اور مصدق ملک کے نام بھی بطور وزرا تجویز کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری کردہ فہرست میں محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور محسن رضا نقوی کے نام بھی شامل ہیں۔ جبکہ شازا فاطمہ خواجہ کو وزیرمملکت تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی وزرا آج ہی حلف اٹھائیں گے۔


11 مارچ 9 بجکر 10 منٹ

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے ریٹرننگ افسران تعینات کر دیے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے لیے اسلام آباد اور چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ریٹرننگ افسران تعینات کر دیے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ سعید گل وفاقی دارالحکومت میں ریٹرننگ افسر ہوں گے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرز اعجاز انور چوہان، شریف اللہ، شمشاد خان اور محمد فرید آفریدی بالترتیب پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ریٹرننگ افسر ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کے ارکان ایک جنرل نشست اور ایک نشست ٹیکنوکریٹس کے لیے منتخب کریں گے جن میں وفاقی دارالحکومت کے علما بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے کہا ہے کہ وہ سات جنرل نشستوں، دو خواتین نشستوں اور ٹیکنوکریٹس کے لیے دو نشستوں کے مقابلے میں ارکان کا انتخاب کریں جن میں ہر صوبے کے علما بھی شامل ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ سے اقلیتوں کے لیے ایک ایک نشست خالی ہونے والی ہے۔


11 مارچ 8 بجکر 40 منٹ

سینیٹ کی چھ خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب جمعرات کو ہوگا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹ کی چھ خالی نشستوں کے لیے کراچی اور کوئٹہ میں سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں میں جبکہ جبکہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں پولنگ ہوگی۔

جنرل کیٹیگری کی یہ نشستیں وفاقی دارالحکومت میں ایک، سندھ میں دو اور بلوچستان میں تین سینیٹرز کے قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی نشستیں چھوڑنے پر خالی ہوئی تھیں۔

سید یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد قومی اسمبلی میں شامل ہو گئے ہیں۔

اسی طرح نثار احمد کھوڑو اور جام مہتاب حسین ڈہر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جب کہ پرنس احمد عمر احمد زئی اور سرفراز احمد بگٹی بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے لیے اسلام آباد اور چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ریٹرننگ افسران کو تعینات کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اراکین قومی اسمبلی وفاقی دارالحکومت سے علمائے کرام سمیت ایک جنرل نشست اور ٹیکنوکریٹس کی ایک نشست کا انتخاب کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ سات جنرل نشستوں، دو خواتین کی نشستوں اور ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں پر اراکین کا انتخاب کریں، جن میں ہر صوبے کے علمائے کرام اور پنجاب اور سندھ سے ایک ایک نشست غیر مسلموں کی ہے۔ موجودہ سینیٹرز کی مدت آج ختم ہونے کے بعد خالی ہوگی۔


11 مارچ، 8 بج کر 05 منٹ

سعودی ولی عہد کی آصف علی زرداری کو صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستانی صدر اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے مبارک باد کے پیغام میں سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کا مزید  فروغ چاہتے ہیں۔


10 مارچ، 9 بج کر 45 منٹ

میرے خلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں: سابق صدر علوی

پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں۔ 

اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان پر غیر آئینی اقدامات کا الزام لگانے والے عدالتوں میں جائیں۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ وہ اپنے دور میں جمہوری اقدار پر قائم رہے۔ ’آئین کی پاسداری کی اور جو مناسب تھا وہ کیا۔‘

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وہ احتساب پر قائم رہے۔ ’میں پارٹی کے اصول پر قائم رہا۔ پارٹی کا اصول تھا کہ کرپشن کے خلاف رہو، میں کرپشن کے خلاف رہا۔

’میرا حلف کہتا ہے کہ کوئی راز پتہ چلے تو وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر نہ بتاؤ۔ وزیر اعظم حلف اٹھاتا ہے کہ اگر اسے پتہ چلے کہ کوئی راز عوامی مفاد میں ہے تو اسے سامنے لائے۔‘

سابق صدر کا کہنا تھا کہ معیشت دو تین سال سے زوال پذیر رہی اور ملک انتشار کا شکار رہا، ملک میں عوامی مینڈیٹ کی قدر کی جائے۔

’میری کوشش رہی کہ ملک کو جوڑا جائے۔ پاکستان کی بات کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست