پاکستان اور سعودی عرب کا پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے پر اتفاق

نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان میں اقتصادی تعاون اور سعودی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گیمبیا میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہفتے کو ملاقات کی۔

او آئی سی سربراہ اجلاس غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر رد عمل کے پس منظر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 35 ہزار فلسطینی جان سے جا چکے ہیں اور علاقے میں ہسپتالوں، سکولوں اور رہائشی علاقوں کو بڑے پیمانے پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم بدھ کو گیمبیا پہنچے تھے جہاں وہ غزہ میں جاری اسرائیل کی جارحیت اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال سمیت مختلف امور پر اپنے ملک کا نقطہ نظر پیش کر رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہفتے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بنجول، گیمبیا میں ملاقات کی۔

’انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔‘

ایکس پر پوسٹ میں بتایا گیا کہ ’انہوں نے غزہ میں فائر بندی کا مطالبہ کیا اور اسلاموفوبیا اور فلسطین اور کشمیر کے حالات سمیت امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔‘

اے پی پی کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ملاقات میں نائب وزیراعظم نے سعودی عرب کے ’وژن 2030‘ کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک درمیان اقتصادی تعاون میں ایک نئی رفتار کی نمائندگی کرتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عرب نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گیمبیا میں دیگر عرب حکام سے بھی ملاقات کی جس میں مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کویت، مصر اور قطر کے وزرائے خارجہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

کویت کے عبداللہ علی الیحیٰی سے گفتگو کے دوران انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کویت کے ساتھ روایتی طور پر برادرانہ تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے قطر کے شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے تمام عرب حکام سے بات چیت کے دوران غزہ میں فوری فائر بندی پر زور دیا اور مصر کے وزیر خارجہ سمیح حسن شکری سے ملاقات میں فلسطین کے لیے بین الاقوامی انسانی امداد کی حمایت میں مصر کے کردار کی تعریف کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا