ریاض اقتصادی فورم: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

25 اکتوبر، 2022 کی اس تصویر میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات کا ایک منظر(حکومت پاکستان)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو ایک خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں شرکت کی جس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس تقریب کے دوران وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کے ساتھ تبادلہ بھی خیال کیا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور  شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارک باد دی۔

بیان کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزرا بھی شامل ہیں، تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان ملاقاتیں ہو سکیں۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں علاقائی صورت حال بالخصوص غزہ کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔‘

وزیراعظم کی گذشتہ روز کی مصروفیات

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق  اتوار کو شہباز شریف کی ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور وزیر برائے صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ محمد الجدعان نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی سعودی عرب کی ترقی ہے۔

’پرائم منسٹر آف ایکشن‘

بیان کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے ملاقات میں شہباز شریف کو ’پرائم منسٹر آف ایکشن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔

خالد الفالح نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے۔

’نجی شعبوں کے درمیان اشتراک اولین ترجیح‘

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم سے سعودی وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف کی بھی ملاقات ہوئی۔

سعودی وزیر صنعت نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سعودی نجی کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطے میں ہیں اور ان کمپنیوں کے نمائندگان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان اشتراک ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہباز شریف کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ شہبازشریف سے عالمی مالیاتی ادارے کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آج عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائنز پر ملاقات کی۔

بیان کے مطابق  زیر اعظم نے جارجیوا کا گذشتہ سال آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمینٹ (ایس بی اے) حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا کل اجلاس متوقع ہے جس میں ایس بی اے کے تحت 1.1 ارب امریکی ڈالر کی حتمی قسط کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ایم ڈی، آئی ایم ایف کو بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اپنی مالیاتی ٹیم کو اصلاحات کرنے، سخت مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور ایسی دانش مندانہ پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی جو میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان