قاہرہ میں واقع پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں موجود فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے انسانی امداد کی ساتویں کھیپ مصری ہلال احمر کے حوالے کر دی ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ’350 ٹن انسانی امداد میں خوراک، ادویات، حفظان صحت کی کٹس، کمبل اور خیمے شامل ہیں۔ یہ کھیپ پورٹ سعید میں مصری ہلال احمر کے حوالے کی گئی۔‘
سفارت خانے کے بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے فراہم کی جانے والی انسانی امداد کا مجموعی حجم 680 ٹن ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید امدادی امداد پائپ لائن میں ہے اور جلد ہی فراہم کر دی جائے گی۔
پاکستانی سفارت خانے نے بتایا کہ ’پاکستان غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور آنے والے دنوں میں انہیں مزید ضروری انسانی امداد فراہم کرتا رہے گا۔‘
اس سے قبل بھی پاکستان سے غزہ کے لیے کئی سو ٹن کی کی امداد روانہ کی جا چکی ہے۔
سات اکتوبر 2023، سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد پاکستان سے غزہ کے شہریوں کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ 19 اکتوبر، 2023 کو روانہ کی گئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں اے ایف پی کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ سات ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ میں کم از کم 35 ہزار افراد جان سے گئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
روئٹرز کے مطابق غزہ میں زیادہ تر امداد کرم ابو سالم کے راستے سے آتی ہے لیکن مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر او سی ایچ اے کے سربراہ اینڈریا ڈی ڈومینیکو کا کہنا ہے کہ کرم ابو سالم کے راستے سے امداد کا داخلہ مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم تمام امدادی سامان کے داخلے مرکزی مقام سے محروم ہو چکے ہیں۔‘ گذشتہ جمعے کو اقوام متحدہ نے کہا کہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد رفح سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مصر کی سرحد پر واقع اس شہر میں 14 لاکھ افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ حملوں کے آغاز پر اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ کے جنوب میں ’محفوظ علاقوں‘ میں منتقل ہونے کے لیے کہا تھا جن میں رفح بھی شامل ہے۔