پنجاب میں بہتر تعلیم کے لیے عالمی بینک کے 15 کروڑ ڈالر

توقع ہے 50 لاکھ بچے، سات ہزار ہیڈ ٹیچرز، ایک لاکھ 65 ہزار اساتذہ پروگرام سے مستفید ہوں گے۔

24 مئی، 2024 کی اس تصویر میں لاہور کے ایک سکول میں طالبات کلاس میں موجود ہیں (اے ایف پی)

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز نے ہفتے کو صوبہ پنجاب میں پرائمری سکولوں کے نتائج میں بہتری اور سکول چھوڑنے والے بچوں کی تعداد کم کرنے کے منصوبے کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی۔

پاکستان کے تعلیمی اعدادوشمار کی 22-2021 کی ایک رپورٹ کے مطابق سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو کہ دو کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

اگرچہ یہ تعداد 17-2016 میں 44 فیصد سے کم ہو کر 22-2021 میں 39 فیصد ہوگئی، لیکن اس مدت میں بچوں کی اصل تعداد دو کروڑ 20 لاکھ 20 ہزار ہو گئی۔

ورلڈ بینک کے منصوبے بعنوان: ’نتائج کا حصول: پنجاب میں معیاری تعلیمی خدمات تک رسائی اور فراہمی‘ یعنی ’گریڈز‘ منصوبے کے تحت تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے، کووڈ 19 کی وبا کے دوران تعلیمی نقصانات کا ازالہ، سکولوں کے انتظام کو مضبوط بنانے اور سکولوں کی شمولیت بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اس سے لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کے لیے بہتر تعلیم کے ساتھ زیادہ جماعتیں پڑھنے کی شرح اور سکول کی تعلیم کے سالوں میں اضافہ ہوگا۔

توقع ہے کہ 50 لاکھ بچے، سات ہزار ہیڈ ٹیچرز، ایک لاکھ 65 ہزار اساتذہ اور سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں میں تین ہزار سے زیادہ مینٹورز اس پروگرام سے براہ راست مستفید ہوں گے۔

پاکستان کے لیے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہاسین نے ایک بیان میں کہا کہ ’پنجاب میں 70 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے۔ ’گریڈز‘ منصوبے سے حکومت پنجاب کو اس تعداد کو کافی حد تک کم کرنے اور اس کے متوازی طور پر ان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے بنیادی تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جو پہلے سے ہی سکول میں ہیں۔

’یہ کام پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے اور مضبوط بنانے، چھوٹے بچوں میں سکولوں کی تیاری کو بہتر بنانے، تدریسی اور سیکھنے کے مواد اور تشخیص کے معیار اور استعمال کو بڑھانے اور سکولوں میں سیکھنے کے ماحول کو بہتر بنانے کے ذریعے کیا جائے گا۔‘

بیان کے مطاباق موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کی کمزوری کے پیش نظر یہ منصوبہ قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات کے ساتھ آب و ہوا سے نمٹنے کے لیے لچک دار نقطہ نظر پر بھی عمل کرے گا، جس میں پرائمری سکولوں میں تقریباً 5400 اضافی کلائمیٹ سمارٹ کلاس رومز کی تعمیر بھی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس میں کم لاگت آب و ہوا سے متعلق سمارٹ فیچرز متعارف کروائے جائیں گے، جن میں اونچی کھڑکیاں اور چھتیں شامل ہیں۔

اس منصوبے کے تحت 2022 کے سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے سکولوں کی تعمیرنو کو ترجیح دی جائے گی، خاص طور پر لڑکیوں کے سکولوں، زیادہ تعداد والے اداروں اور ان مقامات پر جہاں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ معذور بچوں کو تعلیمی اداروں میں لانے کے اقدامات جیساکہ سکول کے بنیادی ڈھانچے کو زیادہ قابل رسائی بنانا اور اساتذہ کی کوچنگ میں جامع تعلیم کے اصولوں کو ضم کرنا بھی منصوبے کے جامع ڈیزائن کا حصہ ہے۔

اس منصوبے کی ٹاسک ٹیم لیڈر عزت فرخ نے کہا کہ ’عالمی بینک اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیمی اصلاحات پر تعاون کی ایک اچھی تاریخ ہے۔

’گریڈز منصوبہ اس شراکت داری کو مزید جدت طرازی کے لیے استعمال کرے گا، جیساکہ آب و ہوا کی تبدیلی برداشت کرنے والے کلاس رومز اور آب و ہوا کی تبدیلی کو تعلیمی نصاب میں ضم کرنا۔ اس طرح کی اصلاحات سے ایک محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی ساتھ اگلی نسل کو آب و ہوا کی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے لیے تیار کیا جائے گا۔‘

پاکستان 1950 سے عالمی بینک کا رکن ہے اور اس کے بعد سے 46 ارب ڈالر سے زائد امداد حاصل کر چکا ہے۔

اس کے موجودہ پورٹ فولیو میں 55 منصوبے اور مجموعی طور پر 14.7 ارب ڈالر کا وعدہ شامل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس