انڈیا اپنے عوام کو  گمراہ کرنے کے بجائے فوجی نقصانات تسلیم کرے: پاکستان

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعے کو ’آپریشن سندور‘ پر انڈین پارلیمان میں دو روز قبل کی گئی بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی عوام کو  گمراہ کرنے کے بجائے انڈیا کے رہنما اپنی مسلح افواج کے نقصانات کو تسلیم کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان جمعے کو دفتر خارجہ کی عمارت میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے (قرۃ العین شیرازی / انڈپینڈنٹ اردو) 

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعے کو ’آپریشن سندور‘ پر انڈین پارلیمان میں دو روز قبل کی گئی بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی عوام کو  گمراہ کرنے کے بجائے انڈیا کے رہنما اپنی مسلح افواج کے نقصانات کو تسلیم کریں۔

اسلام آباد میں جمعے کو دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایسے ’بے بنیاد اور اشتعال انگیز بیانات کو  مسترد کرتا ہے۔ اس طرح کے  بیانات تنازعات کو بڑھاوا دینے کے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ ’انڈیا نے پہلگام حملے کی تحقیقات اور  ثبوتوں کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا۔ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب انڈین حملے میں بے گناہ پاکستانی بچے، خواتین اور مرد شہید ہوئے۔‘

شفقت علی خان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا جنگ بندی کو عملی جامہ پہنانے میں تیسرے فریق کے کردار کو قبول کرے۔

’وزیر اعظم پاکستان نے انڈیا کو پہلگام حملے کی تحقیقات کی پیشکش کی لیکن انڈیا نے  انکوائری کی اس پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھایا۔‘

شفقت علی خان نے کہا بلکہ انڈیا نے بیک وقت جج، جیوری اور جلاد کے طور پر کام کیا۔

انہوں نے انڈین سکیورٹی فورسز کی کارروائی سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’نام نہاد آپریشن مہادیو سے متعلق کوئی بھی دعویٰ ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ ’انڈین وزیر داخلہ کی طرف سے دیا گیا اکاؤنٹ من گھڑت ہے‘ اور سوال اٹھایا کہ ’کیا یہ محض اتفاق ہے کہ پہلگام حملے کے مبینہ مجرم لوک سبھا کی بحث کے آغاز پر ہی مارے گئے؟‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شفقت علی خان نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا کے حالیہ دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں کشمیر سمیت مختلف علاقائی تنازعات پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان کے مطابق ’پاکستان کا موقف رہا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا حق رائے دہی ملنا چاہیے۔‘ 

انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فون پر بات کی۔ 

شفقت علی خان نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی باشندوں سے متعلق کہا ’غیر قانونی افغان شہریوں کی بے دخلی کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اور جن کے پاس قانونی دستاویزات نہیں ہیں، ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔‘

ترجمان نے چین سے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’چین پاکستان کا قریبی دوست ہے اور ہمارے چین کے ساتھ اصولی اور مضبوط تعلقات ہیں۔‘

دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکا کے ساتھ تعلقات سے چین سے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘ 

بلوچستان کی صورت حال پر ترجمان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلوچستان میں حالات کی خرابی میں انڈیا ملوث ہے اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسی تمام تنظیمیں انڈیا کی پراکسیز ہیں، جن کے افغانستان میں ٹھکانے موجود ہیں۔‘ 

دوسری جانب کمبوڈیا میں پھنسے پاکستانی شہریوں سے متعلق رپورٹس پر انہوں نے کہا ’تمام رپورٹس متعلقہ سفارت خانے کو بھیج دی گئی ہیں اور پاکستان کا سفارت خانہ کمبوڈیا کی وزارت خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اصل صورت حال کی تصدیق کی جا سکے۔ تاحال اصل معاملہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا