دنیا کے گرد ایک اور چکر کی کوشش، امریکی وی لاگر خاتون پائلٹ جان سے گئیں

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد عجیب انداز میں گھوما اور پھر قریبی علاقے کے پیٹرول پمپ کے پاس زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔

فائر فائٹرز 30 جولائی 2025 کو گرین ووڈ، انڈیانا میں این تھو نوین کے سیسنا طیارے کے کریش ہونے کے بعد جائے وقوع پر موجود ہیں (گرین وڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ)

امریکہ کی خاتون ماہر ہواباز جنہوں نے اپنی مہمات کے وی لاگز بنائے، ریاست انڈیانا میں چھوٹے طیارے کے حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ وہ دنیا کا چکر لگانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

این تھو نوین نے بدھ کی صبح انڈیانا کی گرین وڈ ایئرپورٹ سے اڑان بھری ہی تھی کہ طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے اپنے عالمی سفر کا پہلا مرحلہ مکمل کیا۔

44 سالہ این تھو نوین 2024 میں دنیا کا کامیاب تنہا فضائی سفر کرنے والی 10ویں خاتون بنیں اور اس بار بھی وہ اپنا یہی کارنامہ دہرانا چاہتی تھیں کہ ان کا طیارہ تباہ ہو گیا۔ حادثے سے کچھ دیر قبل انہوں نے اپنے سفر کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔

امریکی نیوز چینل ڈبلیو ایس وی این کے مطابق ویڈیو میں انہوں نے کہا: ’سب کو ہائے۔ آج میں بہت زیادہ پرجوش ہوں۔ میں نے ابھی ابھی اپنے عالمی تنہا سفر کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے۔‘

نوین اپنے پلیٹ فارم اور کامیابیوں کے ذریعے خواتین کو ان کے ذاتی خواب اور اہداف حاصل کرنے کی ترغیب دیتی تھیں۔ وہ ویت نام میں پیدا ہوئیں اور 12 برس کی عمر میں امریکہ منتقل ہو گئیں۔

اپنی مادر علمی پرڈیو یونیورسٹی کو انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ’ایک ایشیائی خاتون ہونے کے ناتے مجھے یہاں تک پہنچنے میں بے شمار رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر امریکہ میں نئی ثقافت، زبان اور طرز زندگی اپنانے میں۔ میں اگلی نسل کو کچھ لوٹانا اور اس کے لیے مثال بننا چاہتی ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ان کے یہ سفر نوجوان خواتین کو اپنے مقاصد بھرپور عزم اور حوصلے سے حاصل کرنے کی ترغیب دیں گے۔

انہوں نے کہا: ’میرا مقصد آپ کو اور دنیا بھر کی تمام خواتین کو اپنے خوابوں اور منزلوں کے حصول کے لیے طاقت اور حوصلہ دینا ہے۔‘

ڈبلیو ٹی ایچ آر کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد عجیب انداز میں گھوما اور پھر قریبی علاقے کے پیٹرول پمپ کے پاس زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے کے عینی شاہد فرینک ولیمز نے بتایا کہ ’میں ٹرک سے نکل کر فوراً جائے حادثہ کی طرف بھاگا۔ وہاں سے دھواں اٹھ رہا تھا اور ایندھن کی بو آ رہی تھی۔ قریب جا کر مجھے اندازہ ہوا کہ کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔‘

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔

حادثے سے پہلے نوین وسکونسن سے انڈیانا پہنچی تھیں اور اگلے مرحلے میں انہیں پنسلوینیا جانا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سفری وی لاگ بنانے کے علاوہ نوین کمرشل پائلٹ بھی تھیں اور فلوریڈا کے پیم بروک پائنز میں اپنے شوہر کے ساتھ مل کر ڈریگن فلائٹ ٹریننگ اکیڈمی چلاتی تھیں، جہاں وہ فلائٹ انسٹرکٹر بھی تھیں۔

وہ غیر منافع بخش ادارے ایشین ویمن ان ایروسپیس اینڈ ایوی ایشن کی بانی صدر بھی تھیں۔ ادارے نے ان کی موت پر جاری بیان میں کہا کہ ’این تھو ایک متاثر کن پائلٹ، استاد، ایروسپیس اور ہوا بازی کے میدان میں لڑکیوں اور خواتین کی پرجوش وکیل تھیں۔

انہوں نے بہادری، جستجو اور بلند ارادوں کے ساتھ زندگی گزاری۔ وہ معمولی پس منظر سے اٹھ کر بہت سے لوگوں کے لیے امید کی روشن مثال بن گئیں۔ جو لوگ ان کی یاد اور خدمات کا اعتراف کرنا چاہتے ہیں وہ ان کے نام پر ہمارے ادارے کو عطیہ دے سکتے ہیں۔ ہم یہ رقم ان کا خواب پورا کرنے یعنی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے استعمال کریں گے۔‘

نوین کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے دوستوں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان کے دوست اور ساتھی پائلٹ گلین سٹاؤٹ نے لکھا کہ ’وہ زندگی سے بھرپور تھیں اور اس بات پر بہت خوش تھیں کہ وہ دنیا کا تنہا چکر لگانے والی نویں خاتون بننے جا رہی ہیں۔ وہ بہت جلدی ہم سے بچھڑ گئیں۔‘

انہوں نے اپنی آخری ویڈیو کا اختتام اپنے مداحوں کو یہ کہتے ہوئے کیا، ’میرے لیے دعا کریں۔ شکریہ، اور آئیں مل کر آگے بڑھتے رہیں۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا