کیا آپ چاہتے ہیں کہ کسی خوبصورت یورپی ملک کی شہریت حاصل کریں اور وہاں کے رہائشی بن جائیں؟ ایسا ہے تو آسان لیکن اس کے لیے آپ کو لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری چاہیے۔
انڈپینڈنٹ اردو کی سیریز ’نئی شہریت کیسے ممکن؟‘ کی تیسری قسط میں یہ جانتے ہیں کہ آپ کو یورپ کا ویزا کیسے مل سکتا ہے۔
دنیا میں بہت سے ممالک ایسے ہیں، جو سرمایہ کاری کے بدلے میں آپ کو اپنے ملک میں مستقل رہائش اور شہریت دینے کے لیے تیار ہیں، اسے گولڈن ویزا پروگرام کہا جاتا ہے۔
سرمایہ کاری کے عوض شہریت کی پیشکش کرنے والوں میں عرب ممالک کے ساتھ ساتھ یورپ، افریقہ، ایشیا اور براعظم امریکہ کے ممالک بھی شامل ہے۔
یورپ میں جو ممالک آپ کو سرمایہ کاری کے ذریعے شہریت کی پیشکش کر رہے ہیں، ان میں آسٹریا، مالٹا، شمالی مقدونیہ اور ترکی شامل ہیں۔
آسٹریا میں مستقل رہائش اور وہاں جائیداد کی خریداری اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آپ کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ آپ ان کی معیشت میں اہم کردار ادا سکتے ہیں۔ اس کے بعد وہ آپ کی درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد آپ کو اپنے ملک کی شہریت دے سکتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مالٹا میں شہریت حاصل کرنے کے لیے آپ کو چھ لاکھ یورو یعنی 18 کروڑ 26 لاکھ پاکستانی روپے کی سرمایہ کاری کرنی ہو گی۔ یہ سرمایہ کاری قومی ترقیاتی فنڈ میں رقم جمع کروانے، سٹاک مارکیٹ میں بڑی رقم لگانے اور ملک میں جائیداد خریدنے یا کرائے پر حاصل کرنے کی صورت میں کی جا سکتی ہے۔
شمالی مقدونیہ میں دو لاکھ یورو یعنی چھ کروڑ سے زائد روپے جبکہ ترکی میں بسنے کے لیے آپ کو چار لاکھ امریکی ڈالر یعنی 11 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری درکار ہے۔
اس کے علاوہ ایسے یورپی ممالک جہاں آپ سرمایہ کاری کے ذریعے مستقل رہائش اختیار کر سکتے ہیں، ان میں یونان، اٹلی، پرتگال، سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔
اٹلی اور یونان میں مستقل رہائش کے لیے آپ کو سات کروڑ کی رقم چاہیے ہو گی جبکہ برطانیہ میں آپ کو وہاں کے امیگریشن ادارے کو عمدہ کاروباری آئیڈیاز سے متاثر کرنا ہو گا، جس کے بعد آپ وہاں کہیں بھی رہائش اختیار کر سکتے ہیں، کام کر سکتے ہیں اور پڑھ سکتے ہیں۔