ڈرامہ سیریل ’نور جہاں‘ سے شہرت پانے والے ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا کا کہنا ہے کہ انہیں انڈیا کی مشہور پروڈکشن کمپنی یش راج سے اداکاری کی پیش کش ہوئی لیکن ان کی ٹیم کو معلوم نہیں تھا کہ وہ پاکستانی ہیں۔
ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انٹرویو دیتے ہوئے علی رضا نے بتایا کہ انسٹاگرام پر یش راج کے آفیشل پیج سے ان کی کاسٹنگ ڈائریکٹر شامون میڈم کا میسج آیا کہ وہ انہیں ایک فیچر فلم میں کاسٹ کرنا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں ان سے رابطے کے لیے نمبر مانگا گیا۔
یش راج فلمز کا شمار انڈیا کے بڑے فلم پروڈکشن ہاؤسز میں ہوتا ہے، جس نے انڈین سینیما کو کئی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں۔
علی رضا نے بتایا کہ یش راج کی ٹیم نے انہیں انڈیا کی مشہور فلم’ اے دل ہے مشکل‘ کا مونولاگ بھیجا جس میں رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریا رائے کا مرکزی کردار تھا۔
علی رضا نے کہا کہ یش راج کی ٹیم نے ان سے فلم میں رنبیر کپور کا ایک سین اپنے انداز میں ریکارڈ کرکے بھیجنے کے لیے کہا، وہ بہت خوش ہوئے اور اپنے گھر کے ہی سٹوڈیو میں سین ریکارڈ کرکے بھیجا، جو انہیں پسند آیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم سے مزید بات آگے بڑھی اور مجھے لگا کہ وہ جانتے ہوں گے کہ میں پاکستان سے ہوں لیکن ایسا نہیں تھا۔ انہوں نے مجھے کہا کہ ’ہم آپ کی سیٹ کلکتہ سے کب کروائیں؟‘ جس پر میں نے کہا کہ ’نہیں میں تو پاکستان، لاہور سے ہوں۔‘
جس پر یش راج کی ٹیم نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے ہمیں پہلے کیوں نہیں بتایا؟ جس پر علی رضا نے ان سے کہا کہ ’میرا وٹس ایپ نمبر آپ کے پاس ہے جس میں پاکستان کا کوڈ ہے۔‘
علی رضا نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ (یش راج) میرے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن ان سے زیادہ میں دلچسپی رکھتا تھا، ’مجھے تو لگا میری دعا پوری ہو گئی، لیکن انہوں نے مجھے کہا کہ ہم کہیں باہر شوٹ کر رہے ہوں گے تو آپ سے رابطہ کریں گے۔‘
اینکر کے اس سوال پر کہ اب دوبارہ سے پاکستانی اداکاروں کا انڈین ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے تو آپ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
جس پر علی رضا کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی چیز کے لیے کبھی کسی سے رابطہ نہیں کرتے۔ ’میرا یقین ہے کہ اگر اللہ نے آپ کی زندگی میں کچھ لکھا ہوا ہے تو وہ دس لوگوں سے ہوتا ہوا آپ کے پاس آجائے گا اور جو میرا ہے، وہ میرا ہی رہے گا۔‘