ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا: وفاقی وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’نان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں۔‘

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 29 ستمبر 2024 کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کر رہے ہیں (پی ٹی وی سکرین گریب)

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے پاکستان میں نان فائلرز کی اصطلاح ہی کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکیں گے۔

ان دنوں امریکہ میں موجود پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’نان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں۔‘

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔‘

گذشتہ ماہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’گذشتہ برس 16 لاکھ فائلر تھے جبکہ اس وقت ملک میں 32 لاکھ فائلرز ہیں۔ ایک سال میں فائلرز کی تعداد دگنی ہوئی ہے۔ اگر ہم نے اس کو آئی ایم ایف کا آخری پروگرام بنانا ہے تو اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہمیں اپنی شرح نمو کو بڑھانا ہو گا۔‘

نجی ٹیی وی چینل جیو نیوز کے مطابق واشنگٹن میں ہفتے کی شب ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکی سٹیک ہولڈرز سے ان کی ملاقاتیں مثبت رہی ہیں اور انہوں نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کو سراہا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جو ان دنوں امریکہ میں ہیں اور مختلف کاروباری اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں نے نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ان کی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بھی تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’کوشش ہوگی ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ آخری پروگرام ہو۔‘

اس سے قبل 24 اکتوبر کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ سے ریزیلینس اینڈ سسٹینیبیلٹی ٹرسٹ (آر ایس ٹی) سہولت کے تحت ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ’ہمارے اقدامات کی وجہ سے ملک میکرو اکنامک استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔‘

دوسری جانب انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں گرانٹ دے گا۔‘

 

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں موڈیز کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جس میں قرضوں کی پائیداری، مالیاتی پالیسی، بیرونی کمزوریوں سے نمٹنے، حکومتی صلاحیت اور مالیاتی منڈیوں کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو حال ہی میں اپ گریڈ کرنے پر موڈیز کا شکریہ ادا کیا۔
 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت