وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمارٹ سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سعودی۔جرمن ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس پر 25 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔
پنجاب حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتر جی گروپ کے سربراہ صو بھی بتر جی کے ساتھ مل کر سعودی جرمن ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔
سعودی-جرمن ہسپتال نیٹ ورک کی بنیاد 1988 میں رکھی گئی تھی۔ اسے مڈل ایسٹ ہیلتھ کیئر کمپنی چلاتی ہے اور یہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، مراکش، اور یمن میں کامیابی سے خدمات فراہم کر رہا ہے۔
یہ ہسپتال کارڈیالوجی، نیورولوجی اور آنکولوجی کے شعبوں میں جدید طبی دیکھ بھال کے لیے جانا جاتا ہے۔
پنجاب حکومت کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق: ’یہ ہسپتال 300 بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس پر 25 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی‘، جس سے ’نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مزید کہا گیا کہ ’سعودی جرمن ہسپتال دنیا بھر میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور معیاری علاج کی خدمات کے لیے نمایاں ہے‘ اور ’یہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے عوام کو اعلیٰ معیار کی جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔‘
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ہیلتھ سسٹم میں بہتری کے لیے نجی شعبے کا ’خیر مقدم‘ کرتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب کا پورا ہیلتھ سسٹم بدلنا اور بہتر کرنا چاہتی ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نیا ہسپتال صحت عامہ میں بہتری اور فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔‘
رواں ماہ کے آغاز میں سعودی فنڈ برائے ترقی نے خیبر پختونخوا میں کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کے لیے 40 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دی تھی۔
اس سے قبل گذشتہ برس اگست میں سعودی۔جرمن ہسپتال نے اسلام آباد میں کیپیٹل سمارٹ سٹی کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
سعودی عرب پاکستان کا اہم اتحادی ہے اور توانائی اور صحت کی دیکھ بھال جیسے شعبوں میں مالی امداد، پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی اور سرمایہ کاری فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط مذہبی اور ثقافتی تعلقات بھی ہیں، جہاں لاکھوں پاکستانی دونوں ملکوں کی معیشتوں میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
اسی طرح دونوں ملکوں میں تجارت، دفاعی تعاون اور سفارتی تعاون کے ذریعے بھی مضبوط شراکت داری ہے۔