پاکستان کی ہر محاذ پر برتری، ملک میں آج یوم تشکر منایا جائے گا: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔‘

پاکستان اور انڈیا کے درمیان 10 مئی 2025 کو سیز فائر کے اعلان کے بعد ملتان میں شہری ٹینک پر سوار ہو کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈیا کی جانب سے پاکستانی حدود میں کیے گئے حملوں کے جواب میں شروع کیے جانے والے ’آپریشن بُنیان مّرصُوص‘ کی کامیابی پر آج (یعنی اتوار کو) ملک میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔

ایوان وزیراعظم سے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ہم اس کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں، جس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔ یہ دن افواج پاکستان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔

’دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔‘

پاکستان اور انڈیا کے درمیان گذشتہ چند روز سے جاری کشیدگی میں 10 مئی کو اس وقت اچانک اضافہ ہو گیا تھا جب انڈیا نے پاکستان کی تین ایئر بیسز کو میزائیلوں سے نشانہ بنایا۔

اس کے جواب میں پاکستان نے ’آپریشن بُنیان مّرصُوص‘ کے آغاز کا اعلان کیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈیا کی متعدد فوجی تنصیبات پر حملے کیے جن میں پاکستان فوج کے مطابق آدم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ائیر بیسز اور اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ائیر فیلڈز بھی شامل تھیں۔ 

تاہم پاکستانی کارروائی کے چند گھنٹوں بعد ہی امریکی صدر نے اعلان کیا کہ پاکستان اور انڈیا نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس کا بعد میں پاکستان اور انڈیا کے حکام نے بھی اعلان کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سب سے قبل پہلگام واقعے کے بعد انڈیا نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کی منسوخی کے علاوہ کئی اقدامات اٹھائے اور سات مئی کی صبح پاکستانی سرزمین کے اندر کئی مقامات پر میزائل داغے، جس میں ایک بچے سمیت کم از کم 26 افراد جان سے گئے۔ 

جنگ بندی کی خلاف ورزی

سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق انڈیا کے سیکریٹری خارجہ کے بیان سے متعلق پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان اسلام آباد اور دہلی کے درمیان جنگ بندی پر ایمانداری سے عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کچھ علاقوں میں انڈیا کی طرف سے خلاف ورزیوں کے باوجود، ہماری افواج ذمہ داری اور تحمل کے ساتھ حالات سے نمٹ رہی ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد میں کسی بھی مسئلے کو مناسب سطح پر رابطے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ زمین پر موجود فوجیوں کو بھی دوبارہ مشق کرنا چاہیے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان