پاکستان اور انڈیا کے درمیان کئی روز کی کشیدگی اور فوجی جھڑپوں کے بعد فائر بندی کی صورت حال پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔
رات 8 بج کر 42 منٹ پر
ہم پاکستان کے ہر قدم پر گہری نظر رکھیں گے: نریندر مودی
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان ساتھ سیزفائر کے بعد پیر کو قوم سے خطاب میں کہا کہ ’ہم پاکستان کے ہر قدم پر گہری نظر رکھیں گے۔‘
نریندر مودی نے پیر کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا پاکستان کی جانب سے جوہری بلیک میلنگ کو برداشت نہیں کرے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دور جنگ کا نہیں ہے مگر یہ دہشت گردی کا بھی دور نہیں ہے۔‘
انڈین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے اپنی فوجی کارروائی صرف روکی ہے اور اگر مستقبل میں کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوتا ہے تو وہ اپنی شرائط پر جوابی کارروائی کرے گا۔‘
رات 8 بج کر 35 منٹ پر
وزیر اعظم کا ہر سال 10 مئی کو ’یومِ معرکۂ حق‘ منانے کا اعلان
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو ’یوم معرکہ حق‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ دن پورے ملک میں جوش و خروش اور ملی وحدت کے جذبے سے منایا جائے گا۔
وزیر اعظم کے مطابق ملک کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر 16 مئی بروز جمعے کو ’یوم تشکر‘ کے طور پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یوم تشکر کے دن خصوصی نوافل ادا کیے جائیں گے، سجدہ شکر بجا لایا جائے گا اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔
وزی راعظم نے انڈین حملوں سے متاثرہ افراد اور املاک کے لیے بڑے فیصلوں کا بھی اعلان کیا، جس کے مطابق معرکہ حق میں جان سے جانے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
اسی طرح پاکستان افواج کے جان سے جانے والے اہلکاروں کے ورثا کو رینک کے مطابق ایک کروڑ سے 1.8 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ اہل خانہ کو گھر کی سہولت کے لیے 1.9 سے 4.2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ اور الاونسز جاری رہیں گے، بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، ہر جان سے جانے والے اہلکار کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے میرج گرانٹ دی جائے گی۔
بیان کے مطابق زخمی فوجی اہلکاروں کو 20 سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انڈین حملے میں تباہ ہونے والے گھروں اور مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔ زخمیوں کے علاج کا مکمل خرچ بھی وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
شام 7 بج کر 20 منٹ پر
امریکی مداخلت نے انڈیا اور پاکستان میں جوہری تصادم روکا: ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ امریکہ کی مداخلت نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایک ’خطرناک جوہری جنگ‘ کو روکا ہے۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم نے ایک جوہری تصادم کو روکا۔ میرا خیال ہے یہ ایک خطرناک جوہری جنگ ہو سکتی تھی، جس میں لاکھوں افراد مارے جاتے۔ اس لیے میں اس پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائر کی جہاں بہت سے وجوہات تھیں ان میں سے ایک بڑی وجہ ’تجارت‘ ہے۔
’میں نے ان سے (پاکستان، انڈیا) سے کہا ہم آپ کے ساتھ بہت تجارت کریں گے، لہٰذا رک جائیں۔ اگر آپ رک جائیں گے تو ہم بہت تجارت کریں گے، اگر آپ نہیں رکیں گے تو ہم کوئی تجارت نہیں کریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’لوگوں نے تجارت کو اس طرح سے استعمال نہیں کیا جیسا میں نے کیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’اچانک انہوں نے (پاکستان، انڈیا) کہا کہ ہمارے خیال میں ہم رک جاتے ہیں، اور وہ رک گئے۔ انہوں نے ایسا بہت سی وجوہات کے لیے کیا لیکن تجارت بڑی وجہ تھی۔‘
’ہم پاکستان اور انڈیا کے ساتھ بہت تجارت کریں گے۔ ہم انڈیا سے اس وقت بات کر رہے ہیں اور جلد ہی پاکستان سے بھی مذاکرات کریں گے۔‘
شام 6 بج کر 35 منٹ پر
فائر بندی کے بعد پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ایم اوز میں پہلا رابطہ
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ پاکستان اور انڈیا کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان پیر کو ہاٹ لائن پر بات چیت کا پہلا دور ہوا ہے۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا تھا کہ تاخیر کی وجہ سے یہ بات چیت اب پیر کی شام کو ہو گی۔
دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان چار روز کی لڑائی کے بعد پہلا رابطہ ٹیلی فون پر آج دوپہر 12 بجے ہونا تھا۔
دوپہر 5 بج کر 05 منٹ پر
انڈیا نے پاکستانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی قیاس آرائیاں مسترد کر دیں
دوپہر 4 بج کر 47 منٹ پر
مودی آج شام قوم سے خطاب کریں گے
انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی پیر کی شام کو قوم سے خطاب کریں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ ہفتے کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد عوامی سطح پر کوئی بیان دیں گے۔
دوپہر 2 بج کر 47 منٹ پر
انڈیا سے مذاکرات میں کشمیر، دہشت گردی اور پانی پر بات ہو گی: وزیر دفاع
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ مذاکرات کی صورت میں کشمیر، دہشت گردی اور پانی سے متعلق بات ہو گی، جب کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دونوں ملکوں کے لیے یہ سنہری موقع ہے۔
پیر کو جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ دہلی کے ساتھ مذاکرات کے تین مرکزی نکات ہیں جن میں کشمیر، دہشت گردی اور پانی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ تین ایسے معاملات ہیں جو گذشتہ 76 سال سے ان کی تاریخ ہے۔ ان تینوں معاملات پر بحث ہونا چاہیے۔ پاکستان دہشت گردی کا شکار سب سے بڑا ملک ہے۔ یہ ایک سنہری موقع ہے کہ دونوں ملک دہشت گردی کا مسئلہ حل کریں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے انڈیا اور پاکستان کے لیے یہ سنہری موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر بات کر کے ایک اور پیش رفت کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ بھی زیر بحث آنا چاہیے۔‘
دوپہر 1 بج کر 25 منٹ پر
سعودی سفیر کی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات
پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صبح 11 بج کر 57 منٹ پر
پاکستان، انڈیا کشیدگی میں جان سے جانے والے پاکستان فضائیہ کے اہلکار کی نماز جنازہ ادا
پاکستان اور انڈیا کشیدگی کے دوران جان سے جانے والے پاکستان فضائیہ کے اہلکار محمد ایاز کی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے تخت بھاہی میں تدفین کر دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ریڈار ٹیکنیشن محمد ایاز ولد شیر زمان نے سرگودھا ایئر بیس پر انڈین حملے کے دوران مادرِ وطن پر جان نچھاور کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔‘
بیان کے مطابق ’نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، مشیر برائے صحت احتشام خان ایڈووکیٹ، رکن قومی اسمبلی علی محمد خان، صوبائی اسمبلی کے رکن افتخار علی مشوانی، ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، معززینِ علاقہ، شہید کے اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔‘
صبح 11 بج کر 20 منٹ پر
پاکستان سٹاک مارکیٹ کا تاریخ ساز دن، 100 انڈیکس میں 9,900 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ
پیر کے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کے کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس میں 9,900 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس بڑے اضافے کے بعد 100 انڈیکس 1,17,100 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔
گذشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا تھا، تاہم اس بار صورت حال یکسر مختلف دکھائی دی۔
ماہر معیشت خرم شہزاد کے مطابق: ’اس نمایاں بہتری کے پیچھے کئی مثبت عوامل کارفرما ہیں۔ سب سے اہم عنصر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے 2.4 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی معیشت کے حوالے سے ایک مثبت پیغام دیا۔ اس کے علاوہ شرح سود میں مزید کمی اور حکومتی پالیسیوں میں تسلسل نے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
صبح 9 بج کر 55 منٹ پر
جنگ کے بعد، پاکستان، انڈیا کے فوجی کمانڈروں میں پہلا رابطہ دوپہر کے بجائے شام کو
انڈیا اور پاکستان کے فوجی آپریشنز کے سربراہ آج (پیر کو) جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے درمیان جنگ بندی کے بعد سرحد پر بحال ہونے والے سکون کے تناظر میں آئندہ اقدامات پر بات کریں گے، جو گذشتہ تقریباً تین دہائیوں میں سب سے شدید جھڑپوں کے بعد ممکن ہوا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابتدائی جنگ بندی کی کچھ خلاف ورزیوں کے بعد رات بھر کسی دھماکے یا میزائل فائر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات حالیہ دنوں میں سرحد کے ساتھ پہلی پرامن رات تھی، اگرچہ کچھ سکول اب بھی بند ہیں۔
ہفتہ کو ہمالیہ کے علاقے میں ہونے والی جنگ بندی، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا، چار دن کی شدید گولہ باری، سفارتی کوششوں اور واشنگٹن کے دباؤ کے بعد عمل میں آئی۔
ایک اعلیٰ فوجی افسر نے کہا کہ انڈیا کی فوج نے اتوار کو پاکستان کو ’ہاٹ لائن‘ کے ذریعے ایک پیغام بھیجا، جس میں گذشتہ دن کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نئی دہلی کے اس ارادے کو واضح کیا گیا کہ آئندہ ایسے کسی واقعے پر ردعمل دیا جائے گا۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کسی بھی خلاف ورزی کی تردید کی۔
ہفتہ کو جاری ایک بیان میں انڈیا کی وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں جانب کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز پیر کو 12 بجے آپس میں بات کریں گے۔
پاکستان نے اس کال کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
صبح 9 بج کر 50 منٹ پر
انڈیا کی باڈر سکیورٹی فورس کا دوسرا زخمی اہلکار بھی جموں میں چل بسا
انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے کہا کہ ایک دن قبل جموں کے علاقے میں پاکستان کی طرف سے سرحد پار سے فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک دوسرا فوجی اہلکار چل بسا۔
بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ’کانسٹیبل دیپک چمنگکھم 10 مئی کو جموں ضلع کے آر ایس پورہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحد پار سے فائرنگ کے دوران مہلک زخمی ہوا تھا۔‘
زخمی بی ایس ایف اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 11 مئی کو چل بسا۔
ہفتہ کی گولہ باری میں بی ایس ایف کی ساتویں بٹالین کے آٹھ اہلکار زخمی ہوئے اور سب انسپکٹر محمد امتیاز بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔
صبح 9 بج کر 45 منٹ پر
پہلی پرسکون رات، انڈین فوج
انڈین فوج نے فائر بندی کے بعد پیر کو کہا کہ گذشتہ شب پاکستان کی سرحد پر حالات پرامن رہے۔
دونوں ممالک کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والے میزائل، ڈرون اور توپ خانے کے حملوں کے بعد ہفتے کو جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا جس میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور ہزاروں فرار ہو گئے تھے۔
’'رات بڑی حد تک پرامن رہی... کشمیر اور بین الاقوامی سرحد سے متصل دیگر علاقے۔‘
انڈّین فوج نے بیان میں کہا کہ کسی بھی واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے، جو حالیہ دنوں میں پہلی پرسکون رات تھی۔
اتوار کو متنازعہ کشمیر کے پاکستان کی جانب گاؤں میں لوگ اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔
صبح 9 بج کر 30 منٹ پر
انڈین پنجاب کے چھ سرحدی اضلاع کے علاوہ سنگرور میں سکول پیر کو بند رہیں گے
انڈیا کے اخبار انڈین ایکسپریس کو ایک حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ پنجاب کے چھ سرحدی اضلاع کے علاوہ سنگرور میں سکول پیر کو بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ہوشیار پور میں اتوار کو دیر سے بلیک آؤٹ کے اقدامات نافذ کیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے باقی حصوں میں تعلیمی ادارے تاہم پیر کو دوبارہ کھلیں گے۔