چینی رہنماؤں سے بات چیت کے لیے پاکستانی نائب وزیراعظم کا دورہ چین

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق چین میں اسحاق ڈار کی ہونے والی ملاقاتوں میں موجودہ علاقائی پیش رفت اور پاکستان چین تعلقات کی متعدد جہتوں پر توجہ مرکوز کریں گی۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار پیر کو راولپنڈی میں نور خان ایئر بیس سے بیجنگ کے لیے روانہ ہونے سے قبل (وزارت خارجہ)

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج (پیر کو) تین روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہو گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار بیجنگ میں ہم منصب وانگ یی کے علاوہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے اہم اراکین سمیت دیگر ’سینیئر چینی رہنماؤں سے جامع بات چیت کریں گے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ملاقاتیں موجودہ علاقائی پیش رفت اور پاکستان چین تعلقات کی متعدد جہتوں پر توجہ مرکوز کریں گی۔

’یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا ایک حصہ ہے۔‘

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار یہ دورہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 19 سے 21 مئی تک کریں گے۔ دورے کے دوران وہ چینی خارجہ وانگ یی کے ساتھ ’جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال اور امن و استحکام پر اس کے مضمرات پر گہرائی سے بات چیت کریں گے۔‘

ملاقات میں دونوں فریقین پاکستان چین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

جنوبی ایشیا کے دو بڑے ممالک پاکستان اور انڈیا میں ہونے والے حالیہ لڑائی کے بعد پاکستانی نائب وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سفارتی وفد دنیا کے اہم ممالک میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ عالمی برداری کے سامنے خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھارتی پروپیگنڈے اور مزموم سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ ہے جس کی قیادت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سونپی گئی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق وفد ’لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں خطے میں بھارت کے پروپیگنڈے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کرے گا۔‘

افغان وزیر خارجہ

پاکستانی میڈیا کے مطابق، طالبان کے وزیر خارجہ منگل کو بیجنگ پہنچنے والے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سہ فریقی مذاکرات کی میزبانی کریں گے، جس میں چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کی توقع ہے۔

تینوں فریقوں کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور 10 مئی کو کابل میں ہوا تھا، جس کے ایجنڈے میں اقتصادی تعاون، سلامتی اور علاقائی استحکام شامل تھے۔

اس مہینے کے شروع میں طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ افغانستان کے لیے چین کے خصوصی ایلچی یو شیاؤونگ نے امیر خان متقی کو چین کے دورے کی دعوت دی تھی، اور یہ دعوت قبول کر لی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا