پاکستان اور ایران کے فوجی سربراہان نے منگل کو ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرحدی علاقوں کو ’معاشی زونز‘ میں تبدیل کرنے پر گفتگو کی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلاقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی سربراہان نے ملاقات میں خطے کے بدلتے سکیورٹی منظرنامے اور خاص طور پر دوطرفہ دفاعی تعلقات میں مضبوطی پر بات کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ’دونوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانے، مشترکہ بارڈر پر سکیورٹی بہتر کرنے کے طریقہ کار اور سرحدی علاقوں کو معاشی زون بنانے کے نئے راستے تلاش‘ کرنے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کے علاوہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل پیر کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی تھی۔
اس ملاقات کے بعد شہباز شریف اور ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان ایران کے پر امن اور شہری مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے جوہری پروگرام کے حق کا حامی ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کا اہم پڑوسی اور برادر ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ایران اور پاکستان خطے، بین الاقوامی اور اسلامی دنیا کے معاملات پر مشترکہ موقف کے حامی ہیں۔‘