پشاور زلمی کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والے ٹرائلز کے نتیجے میں شارٹ لسٹ ہونے والے نو نوجوان کرکٹرز کویت میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے، جب کہ کھلاڑیوں کو ملازمت بھی فراہم کی جائے گی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بتایا کہ ’کویت میں کھیلنے کا موقع حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں میں عبدالروف، محمد ہارون ، ہارون رشید، حسیب خان، جہانزیب خان، عبداللہ، محمد سلمان، ثاقب خان اور شوریم علی خان شامل ہیں۔‘
پشاور زلمی نے رواں سال کے آغاز میں ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور اور حیات آباد سپورٹ کمپلیکس میں ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹرائلز کا انعقاد کیا تھا، جس میں خیبر پختونخواہ سے ہزاروں نوجوان کرکٹرز نے حصہ لیا تھا۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ ’کویت میں کھیلنے کے لیے متخب ہونے والے نو نوجوان کرکٹرز پشاور زلمی اور کویت کرکٹ کے ایکسچیینج پروگرام کے تحت کویت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل سکیں گے۔
’اس کے ساتھ انہیں ملازمت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ بھی حاصل ہو گا۔‘
پشاور زلمی کے چئیرمین جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ ’نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دیتے رہیں گے۔ پورے خیبر پختونخواہ میں پچز بنارہے ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں موجود فینز کو گلوبل زلمی کے پلیٹ فارم سے کھیلنے کے موقع دیں گے۔‘
رواں سال ہونوالے ٹرائلز کے دوران پشاور زلمی اور کویت کرکٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے تھے، جس کے تحت دونوں ٹیموں کے مابین ایکسچینج پروگرام شروع ہوا۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی پلیئرز بھی کویت کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید افریدی نے ایک بار پھرعزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع اور ان کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
’پشاور زلمی اور کویٹ کرکٹ کے درمیان ایکسچینج پروگرام سے نوجوان کرکٹرز کو کھیلنے کے مواقع ملیں گے، جب کہ ہم خیبر پختونخواہ میں مزید پچز بنا کر گراس روٹ لیول پر نوجوان کرکٹرز کو سہولیات فراہم کریں گے۔‘
ماضی میں پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن زلمی مدرسہ لیگ، زلمی سکول لیگ، زلمی آزادی کپ، زلمی میڈیا لیگ جیسے کامیاب ایونٹس منعقد کر چکے ہیں۔
رواں سال جنوری میں ہونے والے ٹرائلز کے موقع پر پشاور زلمی کے مینٹور سابق کپتان انضمام الحق، کامران اکمل، پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم، سابق کپتان محمد یوسف اور عمر گل ٹرائلز کے موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور انہیں ٹپس بھی دیں۔