پاکستان کا امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار رہا: روبیو، اسحاق ڈار ملاقات

ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے عالمی امن کے قیام کے لیے امریکی قیادت اور صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حالیہ پاکستان-انڈیا کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکہ آمد پر ان سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان نے علاقائی و عالمی امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کی۔

یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی بالمشافہ ملاقات تھی، جس سے قبل ان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے برقرار رہے۔

امریکی محکمہ خارجہ (سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے اسحاق ڈار کا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی اور پاکستان-امریکہ دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکنالوجی، معدنیات اور دیگر شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاقائی اور عالمی امن، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے عالمی امن کے قیام کے لیے امریکی قیادت اور صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حالیہ پاکستان-انڈیا کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری ٹریڈ ڈائیلاگ مثبت پیش رفت کی جانب گامزن ہے اور پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے مؤقف اور مفادات میں ہم آہنگی موجود ہے، جبکہ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبہ جات میں مضبوط اور منظم روابط استوار کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان