تجارتی معاہدے پر حتمی بات چیت کے لیے وزیر خزانہ امریکہ روانہ

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گذشتہ جمعے کو واشنگٹن میں کہا تھا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب ہیں۔

 پاکستان کی وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پیر کو امریکہ روانہ ہوئے (فائل فوٹو/ وزارت خزانہ)

پاکستان کی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پیر کو تجارتی معاہدے پر حتمی بات چیت کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔

 گذشتہ جمعے کو پاکستان کے وفاقی وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ ’انتہائی قریب‘ ہے اور یہ ممکنہ طور پر چند دنوں میں طے پا سکتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کی متعلقہ ٹیمیں واشنگٹن میں موجود ہیں جبکہ اس معاملے پر کئی ورچوئل اجلاس بھی ہوئے ہیں۔

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو اپریل کو پاکستان سمیت متعدد ممالک پر جوابی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان پر 29 فیصد جوابی محصول لگانے جا رہے ہیں کیوں کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ پر 58 فیصد ٹیرف عائد ہے۔

 امریکہ کی طرف سے مجوزہ 29 فیصد ٹیرف پر پاکستانی حکومت پہلی ہی کہہ چکی ہے کہ وہ اس معاملے پر امریکہ سے مذاکرات کرے گی۔

 پاکستان کی وزارت خزانہ سے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ امریکہ روانہ ہو گئے ہیں اور اس ’دورے کے دوران پاکستان-امریکہ تجارتی مذاکرات پر حتمی بات چیت ہو گی۔‘

 انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے 18 جولائی کو اپنے پچھلے دورے کے دوران امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے کے سفیر جیمیسن گریر کے ساتھ ملاقاتوں میں ’نتیجہ خیز تجارتی مذاکرات‘ کیے تھے۔

 پاکستانی وزیر خزانہ رواں ماہ ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات کو فروغ دینے کے لیے آئی ٹی اور ٹیک سیکٹر، معدنیات اور زراعت سمیت روایتی اور غیر روایتی دونوں شعبوں میں تعاون کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

 پاکستان کے فلیڈ مارشل عاصم منیر نے بھی گذشتہ ماہ امریکہ کا دورہ کیا اور صدر ٹرمپ سے ایک غیر معمولی ملاقات میں دفاع اور سکیورٹی معاملات کے علاوہ تجارتی تعلقات پر بھی بات چیت کی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت