پاکستان اور امریکہ تجارتی معاہدے کے انتہائی قریب: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ ’انتہائی قریب‘ ہے اور یہ ممکنہ طور پر چند دنوں میں طے پا سکتا ہے۔

اسحاق ڈار 25 جولائی، 2025 کو واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے گفتگو کر رہے ہیں (اٹلانٹک کونسل/فیس بک)

وفاقی وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ ’انتہائی قریب‘ ہے اور یہ ممکنہ طور پر چند دنوں میں طے پا سکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے جمعے کو واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب ہیں۔ ہماری ٹیمیں واشنگٹن میں موجود ہیں، ورچوئل میٹنگز بھی ہوئیں اور وزیرِاعظم نے ایک کمیٹی کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ تفصیلات کو حتمی شکل دے۔‘

انہوں نے اس بارے میں مزید بتایا کہ ’یہ مہینوں کی بات نہیں، بلکہ ہفتوں کی بھی نہیں، میں کہوں گا کہ (صرف) دنوں کی بات ہے۔‘

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تاہم جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے اسحاق ڈار کی ملاقات کے بعد امریکی حکام کی جانب سے اس بارے میں بیان آیا تو اس میں کسی ٹائم لائن کا ذکر نہیں تھا۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار نے اس موقع پر جنوبی ایشیا میں امن کے پائیدار نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقت اور شراکت دار کے طور پر امریکہ کا کردار تعمیری اور استحکام کا باعث ہونا چاہیے۔

انہوں نے مئی 2025 میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کا ایک قابل اعتماد ثالث بن کر اُبھر کر سامنے آیا۔‘

پاکستان کے وزیر خارجہ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری پر امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا: ’ہم انڈیا کے برعکس اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم امن پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم نے کبھی اشتعال انگیزی میں پہل نہیں کی، ہم نے صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں اقدام کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات دیرپا، جامع اور مسلسل ترقی پذیر ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’جب بھی دونوں ممالک نے عالمی معاملات پر یکجہتی دکھائی، یہ شراکت داری نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔ صدر ٹرمپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے رجحان سے ہمیں حوصلہ ملا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ایک نہایت نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

’پمارے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں، اور محض چھ ماہ کے اندر ہم دوطرفہ تعلقات میں خاطر خواہ پیش رفت کر چکے ہیں۔‘

اسحاق ڈار نے یاد دلایا کہ امریکی کانگریس سے اپنے مشترکہ خطاب میں صدر ٹرمپ نے عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی تعاون کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور پرانی یقین دہانیاں نئی حقیقتوں کی جگہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان استقامت اور ذمہ داری کے ساتھ امن پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان ایک نوجوان آبادی پر مشتمل ملک ہے، جس کی آبادی 24 کروڑ ہے، دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور ایک جوہری طاقت ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت