سعودی عرب میں طائف کے ایک تفریحی پارک میں بدھ کو جھولا گرنے سے 23 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
آن لائن گردش کرنے والی ویڈیوز میں جھولے پر سوار بہت سے نوجوان مردوں اور خواتین کو دکھایا گیا، جو معمول کے مطابق اونچی آوازیں نکالتے ہوئے جھول رہے تھے۔ تاہم، جھولے کو سنبھالنے والا راڈ اچانک درمیان سے ٹوٹ گیا، جس کے بعد وہ سب زمین پر گر گئے۔
جھولے میں سوار افراد کو درمیانے درجے سے لے کر سنگین نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کے آن لائن اخبار عکاظ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 360 ڈگری پر گھومنے والے اس جھولے پر بیٹھے افراد کو لگنے والی چوٹیں تیز رفتاری سے پیچھے موجود مخالف سمت کے لوگوں سے ٹکرانے کا نتیجہ تھیں۔
دیگر لوگ جھولے کے اندر بیٹھے ہوئے گرنے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
طائف کے کچھ ہسپتالوں نے ہنگامی حالت کا اعلان کیا، جہاں متعدد مریض لائے گئے، جنہیں جائے وقوع پر ابتدائی طبی امداد ملنے کے بعد وہاں منتقل کر دیا گیا۔
سکیورٹی اور ایمبولینس سروسز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے جبکہ متعلقہ حکام نے جھولا گرنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔