پاکستان نے غزہ کے لیے اب تک 2215 ٹن امدادی سامان بھیجا: سینیٹ کمیٹی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو بتایا گیا کہ امداد میں راشن، ادوایات، خیمے اور کمبل شامل ہیں۔

14 جنوری، 2024 کو اردن میں پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر شیئر ہونے والی تصویر میں غزہ کے لیے پاکستان سے بھیجا گیا امدادی سامان نظر آ رہا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے پیر کو سینیٹ کی ایک ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ اکتوبر، 2023 سے لے کر آج تک حکومت پاکستان نے فلسطین کو 2215 ٹن امداد بھیجی ہے۔

آج پارلیمنٹ میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کی صدارت میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ میں فلسطین کو دی جانے والی امداد کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ امدادی پیکجز میں راشن، ادوایات، خیمے اور کمبل شامل ہیں۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1178 ٹن امدادی سامان چار خصوصی کارگو فلائٹس، تین شپ کنٹینرز، دو پاکستان ایئر فورس کے جہاز لے کر گئے جبکہ ایک سی ون 30 کے ذریعے بھی امدادی پیکج بھجوائے گئے۔

کمیٹی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق دوسرے مرحلے میں چھ خصوصی کارگو فلائٹس 437 ٹن ساز و سامان کے ساتھ بھیجی گئیں۔

اسی طرح تیسرے مرحلے میں 600 ٹن چھ خصوصی کارگو فلائٹس کے ذریعے بھجوایا گیا۔

ملزمان کے تبادلے کے معاہدے

دفتر خارجہ نے کمیٹی کے سامنے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کے 14 ممالک کے ساتھ ملزمان کے تبادلے کے معاہدے موجود ہیں۔ یہ ایک ایس آر او کے ذریعے ممکن ہوتا ہے جبکہ قطر، اٹلی، قازقستان اور آزربائیجان کے ساتھ معاہدوں پر کام جاری ہے۔‘

اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پاکستان نے بیرون ممالک سے 18 ملزمان کی حوالگی حاصل کی جبکہ چار ملزمان دوسرے ملکوں کے حوالے کیے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 2020 میں پاکستان نے 15 ملزمان کی حوالگی کی درخواست کی تھی لیکن دو ملزمان ملے تھے۔

وزرات خارجہ حکام نے مزید بتایا کہ ’جن ممالک کے ساتھ ملزمان کی تحویل کا معاہدہ نہ بھی ہو تو کابینہ کی منظوری کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اس موقعے پر کہا کہ ’بیرون ملک گرفتار پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق پہلا عمل ہوتا ہے۔ ہمارے اکثر سفارت خانوں کو نادرا کے ساتھ رسائی مل گئی ہے۔‘

آمنہ بلوچ نے پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر بتایا کہ ’جو ممالک دنیا میں یو این کے ممبرز ہیں ان سے ہمارے سفارتی تعلقات ہیں۔

’وزیراعظم نے جزیزہ نما ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا کہا ہے۔ پاکستان میں 79 ممالک کے مشنز سفارت خانے موجود ہیں۔ اس وقت یو این ممبرز ممالک کی تعداد 193 ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ سفارت خانوں کی کارکردگی کا گذشتہ سال ازسرنوجائزہ لیا گیا۔

’ہم نے کارگردگی میں معاشی سرگرمیوں سے منسلک کیا ہے۔ سفارت خانوں اور مشنز کی سہہ ماہی رپورٹ آتی ہے۔ مشنز سفارت خانوں کی کارکردگی میں معاشی، ڈپلومیسی کلچرل اور سیاحت کو شامل کیا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا