گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز پر حملے، 3 اموات

گلگت بلتستان اور صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز پر الگ الگ حملوں میں مجموعی طور پر تین افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

10 مارچ 2024 کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور میں سکیورٹی اہلکار دھماکے کی جگہ کا معائنہ کر رہے ہیں (عبدالمجید/ اے ایف پی)

حکام نے جمعہ کو بتایا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے الگ الگ حملوں میں مجموعی طور پر تین افراد جان سے گئے اور متعداد زخمی ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان کے سکاؤٹس حکام نے مقامی صحافی قاسم شاہ کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ہڈور کے علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 12:30 بجے جی بی سکاؤٹس پر فائرنگ کی۔

ان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 112 جی سکاؤٹس ونگ کے نگر رہائشی نائب صوبیدار خوش داد اور شگر کے حوالدار اشرف جان سے گئے، جب کہ لانس نائیک ساجد زخمی ہوئے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے جی بی سکاؤٹس پر حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق  وزیر اعلیٰ نے صوبائی سکریٹری داخلہ سے واقعے کی رپورٹ 48 گھنٹوں میں طلب کرتے ہوئے ’دہشت گردوں‘ کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری طرف خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں 26 ایف ایف ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکش حملے سے ایک حوالدار جان سے گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق وادی تیراہ میں تھانہ میدان کے علاقے زخہ خیل، پڑاک بنگلہ ہیڈکوارٹر گیٹ پر خودکش حملہ کیا گیا۔ 

’حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑایا، جس کے نتیجے میں حوالدار ساجد جان سے گئے جب کہ متعدد دوسرے اہلکار زخمی ہوئے۔‘ 

مقامی صحافیوں کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان نے قبول کی ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چلاس میں جی بی سکاؤٹس چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے جی بی سکاؤٹس کے صوبیدار اور حوالدار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

انہوں نے جان دینے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی فوجی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے جی بی سکاؤٹس کے دو اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’جی بی سکاؤٹس کے صوبیدار اور حوالدار نے شہادت کا بلند مقام حاصل کیا اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان