اسرائیل کے غزہ شہر پر حملوں میں تیزی، 34 فلسطینی قتل

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب آسٹریلیا، بیلجیئم، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 10 ممالک پیر کو باضابطہ طور پر آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ہیں۔

بے گھر فلسطینی غزہ شہر میں 15 ستمبر 2025 کو اسرائیلی فضائی حملوں میں تباہ ہونے والے ’الغفاری ٹاور‘ کے ملبے سے سامان نکالتے ہوئے (اے ایف پی)

غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کو غزہ شہر اور پوری غزہ کی پٹی پر حملے جاری رکھتے ہوئے 34 فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب آسٹریلیا، بیلجیئم، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 10 ممالک پیر کو باضابطہ طور پر آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ہیں، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے قبل ہوگا۔

پرتگال کی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ ان کا ملک اتوار (21 ستمبر) کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ہفتے اسرائیل نے غزہ شہر کی بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے فوجی مہم تیز کر دی ہے، جس کے ساتھ ہی زمینی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

اسرائیلی فورسز جو اس وقت غزہ شہر کے مشرقی مضافات پر قابض ہیں، کئی علاقوں پر شدید گولہ باری کر رہی ہیں، تاکہ شہر کے مرکزی اور مغربی حصوں میں پیش قدمی کر سکیں، جہاں زیادہ تر آبادی پناہ لے رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا کے ڈائریکٹر بتاتے ہیں کہ ہفتے کو وہ ڈیوٹی پر تھے اور اسرائیلی حملوں کے زخمیوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھے کہ اسی دوران دو لاشیں ایمرجنسی وارڈ میں لائی گئیں، یہ ان کے بھائی اور بھابھی کی تھیں۔

ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ نے بتایا کہ ’میں شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہو گیا جب میں نے اپنے بھائی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں دیکھیں۔‘

ان  کا کہنا ہے کہ ’اب کچھ بھی ممکن ہے، آپ اپنے سب سے عزیز رشتہ داروں کو یا تو شہید یا زخمیوں کی صورت میں وصول کرتے ہیں۔ قابض فوج کے جرائم جاری ہیں اور شہدا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔‘

تقریباً دو سال سے جاری اس اسرائیلی جارحیت میں غزہ کے صحت کے حکام کے مطابق 65 ہزار سے زائد فلسطینی قتل کیے جا چکے ہیں، قحط پھیل گیا ہے، زیادہ تر عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے اور آبادی کی اکثریت کو بار بار بے گھر کیا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا