پرتگال کا 21 ستمبر کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

پرتگال کی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ ان کا ملک فلسطین کی ریاست کو تسلیم کر لے گا، جس کا باضابطہ اعلان اتوار (21 ستمبر) کو کیا جائے گا۔

18 جولائی 2025 کو مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے قریب واقع علاقے ربا میں اسرائیل کے خلاف ایک مظاہرے کے دوران ایک لڑکا فلسطینی پرچم تھامے ہوئے ہے (فائل فوٹو/ روئٹرز)

پرتگالی وزارت خارجہ نے جمعے کو کہا ہے کہ ان کا ملک اتوار (21 ستمبر) کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گا۔

پرتگال نے یہ اعلان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پیر سے شروع ہونے والے اجلاس سے قبل کیا، جس میں تقریباً 10 دیگر ممالک بھی ایسا ہی کرنے والے ہیں۔

برطانیہ، کینیڈا اور فرانس ان دیگر مغربی ممالک میں شامل ہیں جو جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسرائیل کی غزہ میں جارحیت جاری ہے۔ سات اکتوبر 2023 کے بعد سے 64 ہزار سے زائد فلسطینی جان سے جا چکے ہیں، ہزاروں زخمی ہیں اور لوگ بھوک اور قحط کا شکار ہیں۔

پرتگال نے جولائی میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا کیوں کہ ’تنازع انتہائی تشویش ناک رخ‘ اختیار کر رہا ہے جب کہ انسانی بحران اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین کو ضم کرنے کی بار بار کی دی والی دھمکیاں سامنے آ رہی ہیں۔

پرتگال کی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں تصدیق کی کہ ’پرتگال فلسطین کی ریاست کو تسلیم کر لے گا، جس کا باضابطہ اعلان اتوار 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب اسرائیل نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے منصوبوں پر شدید تنقید کی ہے۔ اس کا مؤقف ہے کہ یہ حماس کو اس کے سات اکتوبر 2023 کے حملے پر ’انعام دینے‘ کے مترادف ہے، جو غزہ میں جنگ کا سبب بنا۔

لیکن ساحلی پٹی میں بگڑتے ہوئے انسانی بحران نے، جہاں اقوام متحدہ نے غزہ شہر میں قحط کی وارننگ دے رکھی ہے، اسرائیل کے کچھ پرانے اتحادیوں کو بھی قائل کر لیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں۔

قبل ازیں جمعے کو فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں کے مشیر نے کہا کہ جنوب مغربی یورپ کا ملک انڈورا، آسٹریلیا، بیلجیم، لکسم برگ، مالٹا اور سان میرینو بھی فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پیر (22 ستمبر) سے نیویارک میں شروع ہونے والا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس طویل عرصے سے جاری اسرائیل۔فلسطین تنازعے کے دو ریاستی حل کے سوال پر بحث کے لیے مخصوص ہو گا۔

اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے تقریباً تین چوتھائی پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا