مہمند ڈیم منصوبہ، پاکستان اور کویت میں دوسرا قرض معاہدہ طے

پاکستان کی حکومت اور کویت فنڈ برائے عرب اقتصادی ترقی کے درمیان جمعے کو اسلام آباد میں مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے تقریباً دو کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کے دوسرے قرض معاہدے کو باضابطہ شکل دی گئی۔

 حکومت پاکستان اور کویت فنڈ برائے عرب اقتصادی ترقی کے درمیان 31 اکتوبر 2025 کو اسلام آباد میں مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے دوسرے قرض معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقعے پر لی گئی تصویر (ریڈیو پاکستان)

پاکستان کی حکومت اور کویت فنڈ برائے عرب اقتصادی ترقی کے درمیان جمعے کو اسلام آباد میں مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 7.5 ملین کویتی دینار (تقریباً دو کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر) کے دوسرے قرض معاہدے کو باضابطہ شکل دے دی گئی۔

دریائے سوات پر ضلع مہمند میں منڈا کے مقام پر تعمیر کیا جانے والا یہ ڈیم پانی کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ 800 میگا واٹ بجلی بھی پیدا کرے گا۔ 

گذشتہ سال مئی میں پاکستان اور کویت کے مابین مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کے دوران پاکستان نے کویت فنڈ سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے تقریباً سو ملین ڈالر کے کل قرض کے مالیاتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی درخواست کی تھی، جسے چار مساوی اقساط میں جاری کیا جانا تھا۔

گذشتہ سال پہلے قرض کے معاہدے پر دستخط کے بعد جمعے کو ہونے والے دستخط اس عہد کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

پریس اینڈ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق وزارتِ اقتصادی امور میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستان کی جانب سے وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔ تقریب میں ریاستِ کویت کے سفارت خانے کے نائب سربراہِ مشن فہد ہشام الدوسری، وزارتِ اقتصادی امور اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سیکریٹری اقتصادی امور نے ریاستِ کویت اور کویت فنڈ کے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے مسلسل تعاون پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حمیر کریم نے کہا کہ نرم شرائط پر فراہم کیا گیا یہ قرض پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات اور پائیدار شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے توانائی، پانی اور سماجی شعبوں میں کویت فنڈ کی مالی معاونت کو سراہا، جو پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبہ تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور دوسرے قرض کی رقم کی فراہمی سے اس اہم منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، جس کا مقصد پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، صاف توانائی کی پیداوار، پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی اور پاکستان میں سیلابی کنٹرول کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے تیسرے قرض معاہدے پر جلد دستخط پر زور دیتے ہوئے کویت فنڈ کو پاکستان کے دیگر ترجیحی ترقیاتی منصوبوں کے لیے اضافی مالی معاونت پر غور کرنے کی دعوت دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کویت کے سفارت خانے کے نائب سربراہِ مشن فہد ہشام نے اپنی حکومت کے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی ترقیاتی کوششوں کے لیے کویت فنڈ کی مستقل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان