پاکستان میں پہلی چینی فلم نی ژا 2 کی نمائش

دنیا بھر میں زبردست بزنس کرنے کے بعد چینی فلم نی ژا 2 پاکستان میں بھی پیش کی گئی جسے شائقین نے سراہا ہے۔ 

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ، ایک چینی اینیمیٹڈ فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی جسے پاکستانی فلم بینوں کی جانب سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

’نی ژا 2‘ 2025 میں دنیا بھر میں ریلیز کی گئی ہے، اور اب تک اس فلم نے 2.2 ارب امریکی ڈالر باکس آفس پر کما لیے ہیں۔ اس طرح یہ دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمانے والی اینیمیٹڈ فلم بن چکی ہے، اور اگر تمام فلموں سے موازنہ کیا جائے تو یہ تاریخ کی پانچویں بڑی فلم ہے۔

پر ایچ کے سی انٹرٹینمنٹ نے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے ریلیز کیا گیا ہے۔ 

اس ضمن میں جب ندیم مانڈوی والا سے استفسار کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نی ژا 2 کی پاکستان میں نمائش کا پس منظر یہ ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی فلم ’دا لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو چین میں ریلیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ چین میں سال بھر میں صرف 34 فلمیں ہی کمیشن کی بنیاد پر ریلیز کی جا سکتی ہیں، اور وہ فلمیں صرف چین کی حکومت ہی منتخب کرتی ہے۔ ’اس بنیاد پر آج تک کسی پاکستانی فلم کو تو کجا، کسی انڈین فلم کو بھی چین میں نہیں لگایا گیا۔

’سادہ طریقہ ہی رہا ہے کہ فلم بیچ دی جائے اور پھر وہ جتنا مرضی بزنس کرے یا نہ کرے۔ لیکن جب پاکستان کی سب سے بڑی فلم کی چین میں ریلیز کی تیاری ہوگئی، تو ہم نے چین کی انتظامیہ سے کہا کہ ہم چین کی سب سے بڑی فلم کو پاکستان میں ریلیز کریں گے اور یوں نی ژا 2 پاکستان پہنچ گئی۔‘

مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی اینیمیٹڈ فلم ہے اس لیے اس کا پاکستان میں چلنا ضروری تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں فلمیں ایک دوسرے کے ملک میں لگانا ایک تجربہ ہے اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل کا تعین ہو سکے گا، اگر ہم اپنی مارکیٹ چین کے لیے کھولتے ہیں تو ہمیں یہ فائدہ ہو سکتا ہے کہ ہمارے مقابلے میں ان کی مارکیٹ بہت بڑی ہے، پاکستان میں 150 سکرینز ہیں، چین میں 88 ہزار اسکرینز ہیں۔ اس لیے اس مارکیٹ میں کام کرنا اس مارکیٹ کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ 

ندیم مانڈوی والا نے نی ژا 2 کی ہندی ڈبنگ پر کہا کہ آج تک پاکستان میں جتنی بھی فلمیں لگتی ہیں وہ ہندی ڈبنگ میں ہی لگتی ہیں کیونکہ وہ زبان زیادہ تر سمجھ لی جاتی ہے۔ ’پاکستان میں آج تک صرف فلم ’جناح‘ ہی کی ڈبنگ ہوئی ہے۔‘

انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ فلم فروری میں لگ جانی چاہیے تھی جب دنیا بھر میں اس کا شور تھا۔ یہ کچھ دیر سے آئی ہے، لیکن آئندہ سال پاکستان میں چینی فلموں کا میلہ لگائیں گے۔

مانڈوی والا نے بتایا کہ دا لیجنڈ آف مولا جٹ کی چینی زبان میں ڈبنگ ہوچکی ہے، اور اب وہ چین جا کر اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ طے کریں گے۔

دوسری جانب سینیما میں نی ژا 2 دیکھنے والے فلم بینوں کی بڑی تعداد نے فلم کی اینیمیشن، گرافکس، اور ساؤنڈ کی تعریف کی، اور اسے بہترین فلم قرار دیا اگرچہ کہیں کہیں طوالت کی شکایت بھی ملی۔ ایک اعتراض اس کی ہندی زبان پر کیا گیا ہے جس سے اس فلم کو سمجھنے میں کچھ دشواری ہوئی۔

لیکن بچوں نے اس فلم کے ایکشن اور کامیڈی کا کافی لطف اٹھایا اور اسے دلچسپ قرار دیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم