’آمدنی میں کمی‘: ڈان کا اپنی اردو ویب سائٹ بند کرنے کا فیصلہ

فرحان محمد خان نے بتایا ہے کہ ’ویب سائٹ دسمبر 2025 میں بند کر دی جائے گی، جبکہ اس فیصلے سے متاثر ہونے والے 12 ملازمین کو ایک ماہ کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔‘

ڈان میڈیا گروپ نے اپنی اردو ویب سائٹ یکم دسمبر تک بند کرنے کا فصیلہ کیا ہے (ڈان نیوز/ فیس بک)

پاکستان کے میڈیا گروپ ڈان نے اپنی اردو ویب سائٹ ’آمدنی میں کمی‘ کے باعث بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ملازمین کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس فیصلے سے متعلق ڈان اردو ڈیجیٹل کے مدیر اور اردو ویب سائٹ کے سربراہ فرحان محمد خان نے جمعے کو انڈپینڈنٹ اردو کو تصدیق کی ہے۔

فرحان محمد خان نے بتایا ہے کہ ’ویب سائٹ دسمبر 2025 میں بند کر دی جائے گی، جبکہ اس فیصلے سے متاثر ہونے والے 12 ملازمین کو ایک ماہ کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔‘

ادارے کی انتظامیہ نے ملازمین کو اس فیصلے سے متعلق تین روز قبل آگاہ کیا تھا، جبکہ فرحان محمد خان کے مطابق ’ملازمین کو مستعفی ہونے یا نوٹس پیریڈ سرو کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔‘

اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے فرحان محمد خان نے کہا کہ ’انتظامیہ نے آگاہ کیا ہے کہ ادارے کی جانب سے یہ اقدام میڈیا گروپ کی آمدنی میں کمی کی وجہ سے اٹھایا جا رہا ہے۔‘

فرحان خان نے اپنے بارے میں بتایا کہ انہیں ادارے نے برقرار رکھا کیونکہ وہ ’مجموعی طور پر ڈان ڈیجیٹل کے انچارج ہیں، اور اردو ویب سائٹ ان کے ڈپارٹمنٹ میں شامل ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب اس ضمن میں انڈپینڈنٹ اردو نے ڈان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شکیل مسعود سے رابطہ کر کے ان کا موقف جاننے کی کو شش کی تاہم اس خبر کی اشاعت تک ان کا جواب موصول نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل ڈان میڈیا گروپ کو آمدنی میں مسلسل کمی اور اشتہارات کی محدود دستیابی کا سامنا رہا ہے اور اس بارے میں میڈیا گروپ ڈان نے مارچ 2025 میں اپنے ایک اخباری اداریے میں الزام عائد کیا تھا کہ ’وفاقی اور پنجاب حکومتوں نے گذشتہ پانچ ماہ سے ان کے اشتہارات روک‘ رکھے ہیں۔

ڈان اردو ویب سائٹ کئی سالوں سے اردو زبان میں خبریں اور تجزیے فراہم کر رہی ہے اور اسے اردو ڈیجیٹل صحافت کے اہم پلیٹ فارمز میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستانی میڈیا میں حالیہ چند روز کے دوران سامنے آنے والی یہ دوسری بڑی خبر ہے۔

اس سے قبل نجی ڈیجیٹل پلیٹ فارم نکتہ نے بھی 37 ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم بعد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ان تمام 37 ملازمین کو ملازمت دینے کا اعلان کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دفتر