شام کے صدر احمد الشرع کی امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اور دیگر فوجی حکام کے ساتھ باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو انسٹاگرام پر وائرل ہوئی ہے۔
احمد الشرع اور امریکی فوجی حکام کی ویڈیو شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے پوسٹ کی جس میں وہ خود بھی باسکٹ بال کھیلتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
عراق میں امریکی فوجی آپریشن کے سربراہ بریگیڈیئر کیون لیمبرٹ کو بھی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کو ’محنت کریں۔ ڈٹ کر کھیلیں۔ کورٹ میں ایڈمرل بریڈ کوپر اور بریگیڈیئر جنرل کیون لمبرٹ کے ساتھ کچھ داؤ پیچ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
بریٹینیکا ڈاٹ کام کے مطابق احمد الشرع حیات التحریر الشام کے امیر رہے جو القاعدہ سے منسلک تنظیم تھی۔
کبھی سینٹ کام ان جیل خانوں کا انتظام سنبھالتی تھی جن میں احمد الشرع کو ان کی امریکہ مخالفت کی وجہ سے لمبے عرصے تک عراق کی ایک جیل میں قید رکھا گیا تھا۔
وہ ان جیلوں میں سے ایک میں رکھے گئے تھے جن کا انتظام امریکی سینٹ کام کے پاس تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
احمد الشرع اس وقت امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں اور اتوار کو کسی وقت صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
شامی صدر اور امریکی فوجی حکام کے درمیان باسکٹ بال کھیلنے کی ویڈیو امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ایک کمپاؤنڈ میں بنائی گئی ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا کہ امریکہ اور شام کے درمیان ممکنہ طور پر تعلقات میں گرمجوشی پیدا ہو رہی ہے۔
احمد الشرع کے اقتدار میں آنے سے قبل ان کی جانب سے امریکہ کی مخالفت کے درمیان دونوں کو ایک دوسرے کا دشمن سمجھا جاتا تھا۔
تجزیہ کاروں کی رائے میں شامی صدر اور امریکی حکام کے درمیان کھیل علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی یا انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ یا پھر یہ ایک ایسا عمل تھا جس کا مقصد طویل عرصے تنہائی کا شکار رہنے والے شام کی دنیا کے سامنے اچھی ساکھ پیش کرنا تھا۔
شام کی حکومت اور امریکی سینٹ کام کی جانب سے اس ضمن میں سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔