یونان میں ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث اندورن اور بیرون ملک سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
یونان کی سب سے بڑی ایئرلائن ایجیئن (Aegean) نے درجنوں پروازیں منسوخ کر دیں، جن میں زیادہ تر ایتھنز سے آنے اور جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
ایئرلائن نے مسافروں کو بتایا ’ہیلینک ایوی ایشن سروس پرووائیڈر کے ریڈیو فریکوئنسی سسٹمز میں تکنیکی خرابی‘ صبح کے ابتدائی اوقات سے جاری ہے، جس کے باعث یونانی فضائی حدود میں پروازوں کی گنجائش نمایاں طور پر کم ہو گئی ہے۔
ایتھنز جانے والی کچھ پروازوں کو روم اور ڈوبروونک منتقل کر دیا گیا جبکہ تھیسالونیکی جانے والے ایس اے ایس کے مسافر اس وقت بوڈاپیسٹ میں موجود ہیں۔
ایمسٹرڈیم سے آنے والی ٹرانسایویا کی پرواز کو البانیا کے دارالحکومت تیرانا موڑ دیا گیا۔
لتھوانیا کے شہر ولنیئس سے کریٹ کے شہر ہیراکلیون جانے والی ایک پرواز اس وقت قبرص کے شہر لارناکا میں ہے۔
برطانوی مسافر جان بیری نے دی انڈیپنڈنٹ کو بتایا ’امید ہے ہم آج رات گھر پہنچ جائیں گے۔ ہم مانچسٹر جانے والی جیٹ ٹو کی پرواز LS1709 کے اڑان بھرنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ ہمیں لینے آ سکے کیونکہ فروری تک یہ ایتھنز سے جیٹ ٹو کی آخری پرواز ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جیٹ ٹو کی روانہ ہونے والی پرواز اب راستے میں ہے اور توقع ہے کہ وہ شام سات بجے کے قریب پہنچے گی، جو طے شدہ وقت سے چار گھنٹے تاخیر سے ہوگی۔
ایزی جیٹ نے مانچسٹر سے ایتھنز جانے والی منسوخ پرواز کے مسافروں کو بتایا ’یہ ایتھنز ایئرپورٹ سے متعلق فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ہے۔‘
ایئرلائن کے مطابق ’یہ رکاوٹ ہمارے کنٹرول سے باہر ہے اور اسے غیر معمولی صورتحال تصور کیا جاتا ہے۔‘
برٹش ایئرویز نے ہیتھرو سے ایتھنز جانے والی اپنی صبح کی ایک پرواز منسوخ کر دی جبکہ ریان ایئر نے ایتھنز سے مالٹا، روم اور بولونیا جانے والی پروازیں منسوخ کیں۔
فضائی مسافروں کے حقوق کے قوانین کے تحت جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہو جائیں، انہیں جلد از جلد کسی بھی ایئرلائن کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جانا چاہیے اور اس دوران کھانے اور ہوٹل کی سہولت فراہم کرنا بھی ایئرلائنز کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
بعد ازاں ایتھنز ایئرپورٹ نے ایک بیان میں کہا ’ہیلینک ایوی ایشن سروس پرووائیڈر نے ایئر ٹریفک کنٹرول کی دستیاب گنجائش کے مطابق کچھ پروازوں کی مرحلہ وار اجازت دینا شروع کر دی ہے۔ تکنیکی خرابیوں کی مکمل بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔‘
© The Independent