پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے منگل کو ابوظبی میں ایک ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد میں ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے منگل کی رات جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ایوان صدر کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں صدر آصف علی زرداری اورمتحدہ عرب امارات کے صدر نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
’دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مکمل سپیکٹرم کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط میں نئے مواقع تلاش کیے۔‘
ایوان صدر کے بیان کے مطابق، ’ملاقات میں اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے کی نمایاں صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی و تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کو کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صدر مملکت نے یو اے ای کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان کے حالیہ دورہ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
’دونوں رہنماوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
ملاقات میں پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔