شاہد خاقان عباسی اب بھگتو!

شاہد خاقان ہم یہ بھی نہیں بھولے کہ اس ملک سے اندھیروں کے خاتمے میں گیس سے چلنے اور ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے ان بہت سے سستے ترین بجلی کے کارخانوں کا بھی عمل دخل ہے جو اس گیس سے لگائے گئے جو آپ نے درآمد کی اور آپ کے ہی ٹرمینلز نے اسے پراسس کیا۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی (اے ایف پی)

شاہد خاقان عباسی ہم بالکل بھی نہیں بھولے۔ ایک بار پھر بلکہ بار بار آپ کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان جرائم کی پاداش میں جن کے ثمرات آج پاکستان کا بچہ بچہ سمیٹ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے جس کی بنا پر جب ہم آپ سے ملنے احتساب کورٹ آئیں گے تو ہماری نگاہیں نیچی ہوں گی۔

بالکل اسی طرح، جیسے لاہور کی احتساب عدالت میں ہتھکڑیوں میں جکڑا دیکھ کر مجھ سے ملنے آنے والے ان سرکاری افسروں کی ہوتی تھیں جو میری لگن اور محنت کے گواہ تھے۔

شاہد خاقان ہمیں پوری طرح یاد ہے کہ اس ملک میں تمام موسمِ سرما گیس کی شدید قلت رہتی تھی۔ گیس پر انحصار کرنے والے کارخانوں کے مزدور بے روزگار ہو چکے تھے، گھروں میں کئی کئی دن تک چولہے نہیں جلتے تھے اور بچے بغیر ناشتہ کیے سکول جاتے تھے۔ سڑکوں پر لمبی قطاریں اُن گاڑیوں کی ہوتی تھیں جو اگلے دن گیس ملنے کی امید لیے رات کو ہی قطار سنبھال لیا کرتی تھیں۔ 

آپ کے اقدامات نے حالات کو یکسر تبدیل کر دیا اور نتیجہ یہ ہے کہ آج کسی کو نہ وہ ٹھنڈے چولہے یاد ہیں نہ وہ میلوں لمبی قطاریں۔ شاہد خاقان آپ نے نہ صرف دنیا کی تاریخ کے سستے ترین بین الممالک معاہدے کیے بلکہ بحری جہازوں کے ذریعے لائی جانے والی مائع گیس کو دوبارہ قابلِ استعمال گیس میں منتقل کرنے والے ٹرمینل، سستے ترین نرخوں پر ریکارڈ مدت میں اس طور مکمل کروائے کہ آج گیس کا ایک عام صارف یہ جانے بغیر گیس سے مستفید ہو رہا ہے کہ اس کے زیر استعمال گیس بلوچستان سے نکلنے والی سوئی گیس نہیں بلکہ قطر حکومت سے معاہدے کے تحت بحری جہازوں میں لائی اور ساحلی ٹرمینلز میں تیار کی گئی گیس ہے۔

شاہد خاقان ہم یہ بھی نہیں بھولے کہ اس ملک سے اندھیروں کے خاتمے میں گیس سے چلنے اور ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے ان بہت سے سستے ترین بجلی کے کارخانوں کا بھی عمل دخل ہے جو اس گیس سے لگائے گئے جو آپ نے درآمد کی اور آپ کے ہی ٹرمینلز نے اسے پراسس کیا۔ شاہد خاقان ہم یہ بھی نہیں بھولے کہ گیس کی درآمد سے لے کر جدید ترین ٹرمینلز کی تنصیب تک اور گیس کی پروسیسنگ سے پنجاب کے طول و عرض میں نئے تنصیب شدہ پاور ہاؤسز میں ترسیل تک یہ تمام کام اس تیزی اور سرعت سے ہوئے کہ بجلی کا کوئی بھی نیا کارخانہ ایک دن کے لیے بھی گیس کے انتظار میں بند نہیں رہا۔

شاہد خاقان ہم پنجاب کی ان بے خواب راتوں کو بالکل بھی نہیں بھولے جب پنجاب ٹیم کو 18، 18 گھنٹے کام کرنے کے بعد بھی بقیہ چار گھنٹے اس پریشانی میں نیند نہیں آتی تھی کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ شاہد خاقان کی گیس حویلی بہادر اور بھیکی پہنچ جائے اور کارخانوں کی تکمیل میں ابھی دیر ہو۔ تم نے ہمیں بہت بھگایا تھا، اب اس کا انجام بھگتو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہد خاقان مجھے یقین ہے کہ آنے والے دور کا مورخ جب تاریخ لکھے گا تو وہ اس دیوانگی سے بھرپور جدوجہد کو طلسم ہوشربا اور ان منصوبوں کو مینیجمنٹ کی دنیا کے معجزوں سے تعبیر کرے گا۔

پشاور بی آر ٹی جیسے آسان اور سیدھے سادھے پراجیکٹ کی لاگت اور مدت تکمیل میں دس گنا اضافہ کر دینے والے یہ کیا جانیں کہ منصوبوں کو مقررہ وقت اور لاگت میں مکمل کرنے کے لیے نیندیں حرام کرنی پڑتی ہیں، بینائی قربان کرنی پڑتی ہے، خون جگر پلانا پڑتا ہے۔ ناحق قتل کبھی نہیں چھپتا اور وقت کی بے رحم موجیں لاشیں اگل دیا کرتی ہیں چاہے وہ انسان کی ہوں یا انصاف کی۔ آج کے فرعون بھی لمحہ بہ لمحہ بڑھتی رفتار کے ساتھ وقت کی اس بے رحم چکی کی جانب گامزن ہیں۔

شاہد خاقان یہ یقین رکھو کہ ہمارے یہ جرائم وقت کے بہتے دریا میں موتی بن کر چمکیں گے اور مستقبل کے مضبوط پاکستان کی بنیاد بنیں گے۔ شاہد خاقان ہمیں انصاف ضرور ملے گا مگر یہاں سے نہیں۔ میں نے لاہور کے حبس آلود سیل کے کرم خوردہ تپتے فرش پر سجدہ ریز ہو کر منصف اعلیٰ کے سامنے ٹوٹے پھوٹے لفظوں میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی جس پر میری بوڑھی والدہ اور معصوم بچوں نے بعد میں اپنے آنسوؤں سے حاشیہ بھی چڑھا دیا تھا اور مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اس پٹیشن کی سماعت شروع ہو چکی ہے۔ یہ وہ عدالت ہے جہاں نہ تو لمبی تاریخیں پڑتی ہیں اور نہ زبردستی کے وعدہ معاف گواہ بھگتائے جا سکتے ہیں۔ پٹیشن بڑی سادہ تھی کہ اے عادل مطلق اگر میں نے کوئی بد دیانتی کی ہے تو غرق کر دے بصورت دیگر یہ سب کھلواڑ کرنے والوں کا معاملہ تیرے سپرد کہ تو عادل مطلق ہے۔

شاہد خاقان میرا مشورہ ہے کہ ان پرسکون لمحات کا فائدہ اٹھا کر ایک رٹ پٹیشن آپ بھی ڈال دیں۔ وہ وقت دور نہیں جب انصاف انشا اللہ نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔

آپ کے دکھ کو سمجھنے والا آپ کا بھائی!

انجینیئر قمرالاسلام راجہ

---------

نوٹ: اس بلاگ کے مصنف سابق حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی پنجاب شاخ کے نائب صدر ہیں۔ ادارے کا اس بلاگ میں دی جانے والی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ