پی ایس ایل: ملتان میں کھلاڑیوں کے لیے درباری کباب پراٹھے

ملتان کے حصے میں ایک طویل عرصے کے بعد تین کرکٹ میچ آئے ہیں، ایسے میں شائقین کے علاوہ یہاں کے مشہور کھانے بنانے والے بھی پی ایس ایل کی بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا میلہ 20 فروری سے سجنے والا ہے اور اس حوالے سے جہاں چھ لیگ ٹیمیں تیاریاں کر رہی ہیں، وہیں مداحوں نے بھی میچز سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنی اپنی سطح پر تیاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے جب لیگ کے تمام میچ پاکستان کے چار مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے اور ایک طویل عرصے بعد ملتان کے حصے میں تین میچز کی میزبانی آئی ہے۔

ملتان کے باسیوں نے پی ایس ایل کو ویلکم کرنے کے لیے انوکھے انداز اپنائے ہیں اور ان میں گجرکھڈہ میں واقع درباری کباب پراٹھا قدیم ہوٹل کے مالک شیخ درباری شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شیخ درباری کا دعویٰ ہے کہ ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ان کی مہمان رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا تعلق چونکہ ملتان سے ہے لہذٰا ان کی وجہ سے پاکستانی ٹیم اور کئی عالمی کھلاڑی، جن کے نام انہیں یاد نہیں، ان کے مہمان بنے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کی سخت سکیورٹی کی وجہ سے عموماً دعوت کا اہتمام انضمام الحق کے گھر یا کسی ہوٹل پر ہوتا تھا اور وہ اپنے عملے سمیت ایک بس میں کھانا لے کر جاتے تھے۔

’اب کافی عرصے بعد ملتان میں کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے تو میری کوشش ہے کہ اس بار بھی ٹیموں کی مہمان نوازی کر سکوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ وہ 1970 سے یہ کام کر رہے ہیں اور انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کھلاڑیوں کے علاوہ فنکار اور نامور سیاست دان بھی ان کے درباری کباب پراٹھے پسند کرتے ہیں۔

درباری کباب پراٹھوں کے علاوہ ملتان کا مشہور زمانہ سوہن حلوہ بنانے والے بھی پی ایس ایل کھلاڑیوں کے منہ میٹھے کرنے کے لیے تیارہیں۔

احمد ملتانی سوہن حلوہ کے تنویر ظفر نے بتایا کہ وہ کھلاڑیوں کو حلوہ بطور تحفہ پیش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم اور شعیب اختر بھی ان کے ہہاں آ چکے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ