’پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کر کے مذاکرات دوبارہ شروع کریں‘

انسانی حقوق کی تنظیموں نے پاکستان اور بھارت سے حالیہ کشیدگی کو کم کرنے اور امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فوٹو: اے ایف پی

انسانی حقوق کی تنظیموں نے پاکستان اور بھارت سے حالیہ کشیدگی کو کم کرنے اور امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے فی الفور اقدامات کریں۔

 بیان میں بھارت اور پاکستان کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مذاکرت کا عمل دوبارہ شروع کریں اور ان غیر ریاستی عناصر پر قابو پائیں جو بھارت کے زیرانتظام کشمیر اور دونوں ممالک میں انتہا پسندی اور پرتشدد حملوں میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 14 فروری کو بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی سکیورٹی اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔

اس حملے میں 44 کے قریب بھارتی سکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے جس کے بعد 26 فروری کو بھارتی فضائیہ کے طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے تھے اور بعد میں بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم جیش محمد کے مبینہ تربیتی مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تاہم پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اگلے ہی روز ایک بھارتی طیارہ مار گرایا اور پائلٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔

ایچ آر سی پی کے بیان جسے انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں کی تائید حاصل ہے میں بھارت اور پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر کسی بھی قسم کی محاذ آرائی سے اجتناب کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان