’تم نے گریہ کیا، مجلس تمام ہوئی‘: علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے

طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر ’شام غریباں‘ کی مجلس پڑھنے  والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست، 1938 کو پٹنہ میں پیدا ہوئے تھے (سوشل میڈیا)

ایک طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر ’شام غریباں‘ کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات انتقال کر گئے۔

وہ کچھ عرصے سے دل اور ہائپوگلیسیمیا کے مرض میں مبتلا تھے اور انہیں حال ہی میں کراچی کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں وہ 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے بیٹے ریاض جوہری نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ علامہ طالب جوہری اپنے مخصوص انداز، لہجے اور خطابت کے باعث ایک الگ مقام اور احترام رکھتے تھے۔

وہ 27 اگست، 1938 کو پٹنہ میں پیدا ہوئے، انہیں پاکستان میں ان کی خدمات پر ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ علامہ طالب جوہری تفسیر قرآن (احسن الحدیث) کے علاوہ حدیث کربلا، عقلیات معاصر اور علامات ظہور مہدی جیسی کئی دیگر کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔

بیماری کے باعث وہ کچھ عرصے سے مجالس تو نہیں پڑھ رہے تھے مگر ’تم نے گریہ کیا، مجلس تمام ہوگئی۔۔ اور اب تو دامنِ وقت میں گنجائش بھی نہیں۔‘ اور ’کبھی ایسے بھی سنا کرو‘ جیسے ان کے جملے آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔

یقیناً ہم سب نے ہی اپنے بچپن اور پھر جوانی میں علامہ طالب جوہری کو ضرور سنا ہوگا۔ وہ نوے کی دہائی میں ایک طویل عرصے تک ہر سال پاکستان ٹیلی ویژن پر ’شام غریباں‘ کی مجلس پڑھا کرتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ کہنا شاید غلط نہ ہو گا کہ وہ ان چند علما میں سے ایک ہیں جنہیں صرف شیعہ ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان سنتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال کی خبر کے بعد علامہ طالب جوہری کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

معروف شخصیات ان کے انتقال پر اظہار افسوس کر رہے ہیں اور ان کے معروف جملوں کو بھی یاد کر رہے ہیں۔

صارف امتیاز بھٹو نے علامہ طالب جوہری کا معروف جملہ لکھتے ہوئے افسوس کا اظہار کچھ یوں کیا: ’آخری جملہ کہنے کی اجازت دے دو اور پھر مجلس تمام ، کیونکہ اب دامن وقت میں زیادہ گنجائش نہیں بچی۔‘

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر تعزیتی پیغام آیا ہے، جس میں انہوں نے ’معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔‘

ان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھی علامہ طالب جوہری اور مفتی محمد نعیم کے انتقال پر اپنی ایک ٹویٹ میں اظہار افسوس کیا۔

خیال رہے کہ ہفتے کو پاکستان کے نامور عالم دین اور جامعہ بنوریہ العالمیہ کراچی کے مہتم مفتی محمد نعیم  65 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان