بھارت: کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی مستعفی ہونے کی پیشکش

کانگریس کے دو درجن سے زائد رہنماوں کی جانب سے جماعت کے فیصلوں میں بہتری لانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے جو سالوں سے چلی آ رہی نہرو-گاندھی خاندان سے تعلق رکھنے والی قیادت کے لیے ایک انوکھا چیلنج ہے۔

پارٹی کی جانب سے سونیا گاندھی کے مستعفی ہونے کے حوالے سے جلد فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔(اے ایف پی فائل)

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے دو درجن سے زائد رہنماؤں کی جانب سے جماعت کے فیصلوں میں بہتری لانے کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے مستعفی ہونے کی پیش کش کر دی ہے۔

بھارت کی برطانیہ سے آزادی کے بعد کانگریس نے ہی زیادہ وقت بھارت پر حکومت کی ہے۔

پارٹی کے رہنماؤں کا یہ مطالبہ ایک خط میں سامنے آیا ہے جو سالوں سے چلی آ رہی نہرو-گاندھی خاندان سے تعلق رکھنے والی قیادت کے لیے ایک انوکھا چیلینج بن کر سامنے آیا ہے۔

بھارت کے گذشتہ دو عام انتخابات میں وزیر اعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کو بڑی شکستوں سے دوچار کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کانگریس کی ورکنگ کمیٹی کے ایک آن لائن اجلاس میں اطالوی نژاد سونیا گاندھی نے، جو کہ سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کی بیوہ ہیں، جماعت سے درخواست کی کہ انہیں جماعت کی عبوری صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کی اجازت دی جائے۔

ذرائع کو حوالہ دیتے ہوئے اے این آئی کی اے یک ٹویٹ کے مطابق: 'سونیا گاندھی نے ورکنگ کمیٹی اراکین سے کہا کہ وہ انہیں پارٹی کی صدارت کے عہدے سے ہٹانے کے لیے کارروائی کا آغاز کریں۔'

کانگریس کے دو اندرونی ذرائع کے مطابق خط لکھنے والے اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو گاندھی خاندان سیاست میں متحرک کردار ادا کرے یا پارٹی قیادت چھوڑ دے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ذرائع کے مطابق تین سو سے زائد علاقائی سیاست دانوں نے بھی اس خط کی حمایت کی ہے۔

لیکن کانگریس سے تعلق رکھنے والے کئی سینیئر رہنماؤں نے، جن میں وزرا اعلیٰ بھی شامل ہیں، سونیا گاندھی کی کھل کر حمایت کی ہے۔

ریاست راجھستان کے وزیر اعلیٰ اشوک گیلوت نے ٹوئٹر پر لکھا: 'یہ خبر کے کانگریس کے 23 سینیئر اراکین نے یہ خط لکھا ہے ناقابل یقین اور افسوس ناک ہے۔'

ان کی جانب سے سونیا گاندھی سے کانگریس کی صدر کے عہدے پر رہنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

دہلی میں پارٹی کے حامیوں کی جانب سے کانگریس ہیڈ کوارٹرز کے باہر گاندھی خاندان کے حق میں مظاہرہ بھی کیا گیا۔

پارٹی کی جانب سے سونیا گاندھی کے مستعفی ہونے کے حوالے سے جلد فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا