فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات

فیاض الحسن چوہان کی جگہ فردوس عاشق معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب تعینات، گذشتہ دو سال میں پانچویں بار اس وزارت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ 

فردوس عاشق اعوان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے (تصویر: ریڈیو پاکستان)

پنجاب حکومت نے کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلی کرکے فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر برائے اطلاعات کے عہدے سے ہٹا کر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کردیا۔

گذشتہ دو سال میں پانچویں بار اس وزارت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ سب سے پہلے حکومت نے فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات تعینات کیا مگر کچھ عرصے بعد انہیں ہٹا کر میاں اسلم اقبال کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی، لیکن چند ماہ بعد ہی وزیراعلیٰ پنجاب نے ان سے بھی یہ قلمدان واپس لے لیا اور صمصام بخاری کو اس عہدے پر تعینات کیاگیا۔

صمصام بخاری بھی کچھ عرصہ ہی حکومتی موقف پیش کر سکے، جس کے بعد انہیں بھی عہدے سے ہٹادیا گیا اور  فیاض الحسن کو دوسری بار صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات بنادیا گیا۔

تاہم اب فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ ہٹا کر فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی برائے اطلاعات بنادیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے، جبکہ فیاض الحسن کے پاس اب صرف کالونیز کا محکمہ رہ جائے گا۔

وزارت واپس لیے جانے کے حوالے سے جب فیاض الحسن چوہان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا: 'میرے علم میں نہیں ہے، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔'

فردوس عاشق اعوان اس سے پہلے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات بھی رہ چکی ہیں، انہیں فواد چوہدری سے وفاقی وزیر اطلاعات کا قلمدان واپس لے کر تعینات کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں ہٹاکر جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم  باجوہ کو ان کی جگہ ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشکور ہیں کہ انہیں پنجاب میں اطلاعات کا شعبہ سونپا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اطلاعات کے شعبے میں بہتری لائیں گی اور پنجاب حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اس تبدیلی پر اپنے ردعمل میں 'فیاض چوہان سے دلی ہمدردی' کا اظہار کیا اور کہا: 'ہمیں فیاض چوہان سے دلی ہمدردی ہے، انہوں نے اپنی کرسی پکی کرنے کےلیے شریف خاندان پر بہت سیاست چمکائی لیکن افسوس ان کی تمام محنت رائیگاں گئی۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'فردوس عاشق اعوان کی بطور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب تعیناتی ناقابل سمجھ ہے کیونکہ سپریم جوڈیشل کونسل نے فردوس عاشق کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دیا تھا۔'

عظمیٰ بخاری نے کہا: 'عدلیہ کی توہین کرنے والی شخصیت کی بطور وزارت معاون خصوصی تعیناتی مسترد کرتے ہیں۔' ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق کے حوالے سے اپنا جاری کردہ نوٹیفکیشن فوری واپس لیں۔

دوسری جانب صوبائی وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ اور صوبائی وزیر کاپریٹو مہر اسلم بھروانہ سے بھی وزارتیں واپس لینے کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست