'جو بائیڈن کی فتح کی تصدیق ہو گئی تو وائٹ ہاؤس چھوڑ دوں گا'

ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اگر الیکٹورل کالج جو بائیڈن کی جیت کی تصدیق کر دے تو کیا وہ وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے تو انہوں نے کہا کہ ’یقینی طور پر۔ اور آپ یہ بات جانتے ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ تین نومبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ صحافیوں سے بات کر رہے تھے (اے ایف پی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کو چھوڑ دیں گے اگر جو بائڈین کی بطور فاتح باضابطہ تصدیق ہو جاتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے کی ایسی کوششیں کی گئیں جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے بیلٹ پیپر چوری ہونے کا کہا اور ایسے بہ بنیاد قانونی دعوے کیے جنہیں ملک بھر کی عدالتوں نے مسترد کر دیا۔

مگر اب وہ صدارتی انتخابات میں شکست کو تسلیم کرنے کے مزید قریب آ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطبق تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد پہلی مرتبہ صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر ٹرمپ اس بات کو تسلیم کرنے کے قریب دکھائی دیے کہ وہ وائٹ ہاؤس میں صرف ایک ہی مرتبہ بطور صدر اپنی مدت پوری کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو ’شکست‘ دینے والے جو بائیڈن 20 جنوری کو بطور امریکی صدر عہدہ سنبھالیں گے۔

جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ اگر الیکٹورل کالج جو بائیڈن کی جیت کی تصدیق کر دے تو کیا وہ وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے تو انہوں نے کہا کہ ’یقینی طور پر۔ اور آپ یہ بات جانتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر وہ ایسا کریں گے تو وہ غلطی کریں گے۔ یہ تسلیم کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔‘

الیکٹورل کالج جو امریکہ میں صدر کا انتخاب کرتا ہے 14 دسمبر کو ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے 232 ووٹوں کے مقابلے میں جو بائیڈن کی 306 ووٹوں سے فتح کا اعلان کریں گے۔

جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کوئی ثبوت پیش کیے بغیر انتخابی نتائج کے بارے میں کہا کہ ’یہ بہت بڑا فراڈ تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے امریکی ووٹنگ نظام کو کسی ’تھرڈ ورلڈ‘ ملک کے نظام جیسا قرار دیا۔

صحافیوں سے بات کرنے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’اس انتخاب میں 100 فیصد دھاندلی ہوئی۔‘

دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن کے ترجمان مائیکل گوین سے جب ڈونلڈ ٹرمپ کے تبصرے کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’منتخب صدر بائیڈن نے 306 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں، ریاستیں ان نتائج کی تصدیق کر رہی ہیں، الیکٹورل کالم جلد ہی ان نتایج کا اعلان کر دیں گے۔‘

مگر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے کہا کہ ’میں اپنے لوگوں سے صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مایوس نہ ہوں، کیونکہ یہ دوڑ ابھی اختتام سے بہت دور ہے۔‘          

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ