سردی میں برف سے ڈھکے پہاڑ اور نو ہزار فٹ کی بلندی پر واقع خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں لکڑی سے بنے کیمپنگ پوڈز میں اسلام آباد سے آئے ہوئے مہمان ٹھہرے۔
درجہ حرارت منفی دو تھا اور ہلکی سی برف باری بھی ہورہی تھی۔ برف جیکٹ پر گر کر پگھل جاتی تھی۔
مہمانوں نے پوڈ کے دروازے کے باہر اپنے آپ کو گرم رکھنے کے لیے آگ جلارکھی تھی۔ یہ پوڈز خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت و کھیل کی جانب سے بنائے گئے ہیں جو گرمی اور سردی دونوں موسموں میں سیاحوں کے لیے کھلے رہتے ہیں۔
یہ پوڈز سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے تقریبا تین گھنٹے کی مسافت پر بنائے گئے ہیں۔
پوڈز میں کیا سہولیات موجود ہیں؟
کوئی بھی سیاح کسی سیاحتی مقام پر پہنچ کر اچھی رہائش کی تلاش میں ہوتا ہے جب کہ ساتھ میں ارد گرد کے ماحول کو بھی ملحوظ خاطر رکھتا ہے۔ یہ کمرہ نما پوڈز ایک اچھے ہوٹل کے کمروں کی طرز پر بنائے گئے ہیں جن میں دو بیڈ اور چار بیڈ کے پوڈز شامل ہیں۔
پوڈز کے اندر گرم کمبل، بجلی اور گرم پانی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ گرمیوں کے موسم کے لیے پوڈ کے اندر پنکھے بھی نصب ہیں۔
چونکہ یہ ایک پہاڑی علاقہ ہے اس لیے واپڈا کی جانب سے ابھی تک بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے لیکن بجلی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے پوڈز کے باہر سولر پینل نصب کر دیے گئے ہیں۔
ہر پوڈ سے متصل واش روم بھی بنایا گیا ہے جس میں تمام تر سہولیات موجود ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پوڈ میں قیام کے لیے ایک رات کے کرائے کی اگر بات کی جائے تو دو بیڈکے پوڈ کا ایک رات کا کرایہ تین ہزار جب کہ چار بیڈ کے پوڈ کا پانچ ہزار روپے ہے۔ دو اور چار بیڈ کے پوڈ کے ساتھ آپ کو ایک ایک میٹرس مفت مل سکتا ہے۔ پوڈز کے قریب کوئی بازار یا مارکیٹ موجود نہیں ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو کہا جاتا تھا کہ وہ کھانے پکانے کے لیے سامان ساتھ لائیں۔
پوڈز سے متصل کچن بنا دیے گئے ہیں اور وہاں کے مینیجر کے پاس سبزی، چکن اور مچھلی سمیت کھانے پینے کی دوسری اشیا موجود ہوتی ہیں۔
پوڈز کے مینیجر خیال محمد نے انڈپینڈٹ اردو کو بتایا کہ ابتدا میں بعض سیاحوں کو پتہ نہیں ہوتا تھا کہ پوڈز میں کھانے پینے کی اشیا کا مسئلہ ہوتاہے۔انہوں نے بتایاکہ اب یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
اگر سیاح کھانے کے لیے کچھ ساتھ نہ لائیں تو ہمارے پاس سامان موجود ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ کچھ فاصلے پر ایک بازاربھی موجود ہے۔ کوئی سیاح چاہے تو معاوضہ ادا کرکے وہاں سے ہمارے ذریعے سامان منگوا سکتا ہے۔
پوڈز کی طرف جانے والی سڑک کی حالت کیسی ہے؟
اگرکوئی اسلام آباد سے اس علاقے میں جانا چاہے تو براستہ سوات ایکسپریس مینگورہ جانا ہوگا۔ وہاں سے تقریباً تین گھنٹے کا راستہ طے کر کے گبین جبہ پہنچیں گے۔
مینگورہ سے گبین جبہ تک سڑک پکی ہے اور چھوٹی بڑی دونوں قسم کی گاڑیاں جا سکتی ہیں۔ تاہم پوڈز تک جانے والی ایک کلومیٹر کی سڑک حالت خراب ہے اس لیے سیاحوں کو پوڈز تک جانے کے لیے ہائیکنگ کرنا پڑے گی لیکن فوربائی فور گاڑی یہ خراب راستہ بھی طے کر سکتی ہے۔
سیاح پوڈ کی بکنگ کیسے کر واسکتے ہیں؟
اگر کوئی سیاح اس پر فضا مقام پر بنے پوڈزمیں جا کر رہنا چاہے تو محکمہ سیاحت کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن بکنگ کروائی جاسکتی ہے۔
ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق اس قسم کے پوڈز صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر بنائے گئے ہیں اور سیاح اپنی مرضی کا مقام منتخب کر کے بکنگ کروا سکتے ہیں۔