سات سال سے فرار ملزم یوٹیوب پر کھانوں کی مہارت دکھاتے پکڑا گیا

اطالوی پولیس 53 سالہ کوکین سمگلر مارک فیرن کلاڈے بیارٹ کو 2014 سے تلاش کر رہی تھی، جنہیں اس وقت پکڑا گیا، جب انہوں نے اپنی اہلیہ کے یوٹیوب چینل پر کھانا پکانے کی اپنی ویڈیو اپ لوڈ کی۔

حکام نے اس یوٹیوب چینل کا نام نہیں بتایا لیکن ان کے مطابق اس چینل کی خصوصیت ’اطالوی کھانے‘ تھی۔(فائل تصویر: بشکریہ Buon-A-Petitti/ یوٹیوب سکرین گریب)

سات سال تک چھپے رہنے کے بعد مافیا سے تعلق رکھنے والا مفرور ملزم ایک کریبیئن جزیرے سے پکڑا گیا جس کا سہرا اس یوٹیوب ویڈیو کے سر ہے جو مذکورہ شخص نے اپنی کھانا پکانے کی مہارت دکھانے کے لیے لگائی تھی۔

اطالوی پولیس 53 سالہ کوکین سمگلر مارک فیرن کلاڈے بیارٹ کو 2014 سے تلاش کر رہی تھی، جن کا تعلق بدنام زمانہ منظم جرائم کے نیٹ ورک ’ایندرینگیتا‘ سے تھا، جو اٹلی کے کلابریا خطے میں 18ویں صدی سے فعال ہے۔

پولیس آخرکار بیارٹ کو اس وقت تلاش کرنے میں کامیاب ہوئی، جب انہوں نے اپنی اہلیہ کے یوٹیوب چینل پر کھانا پکانے کی اپنی ویڈیو اپ لوڈ کی۔ ویڈیو میں وہ اپنا چہرہ چھپانے میں تو کامیاب رہے تھے لیکن ان کے جسم پر موجود منفرد ٹیٹوز ویڈیو میں دیکھے جا سکتے تھے۔

 کلابریا نیوز کے مطابق بیارٹ کو گذشتہ بدھ کو ان کے سابقہ مسکن روم سے پانچ ہزار میل دور ڈومینکن ری پبلک کے علاقے بوکوچیا میں تلاش کیا گیا تھا۔ وہ حکام کو منشیات سمگلنگ کے الزامات میں مطلوب تھے۔

بیارٹ کو گرفتار کرنے والے حکام میں انٹرپول اور ’سانتو ڈومینگو میں موجود اطالوی سکیورٹی ماہرین‘ شامل تھے۔ حکام نے اس یوٹیوب چینل کا نام نہیں بتایا لیکن ان کے مطابق اس چینل کی خصوصیت ’اطالوی کھانے‘ تھی۔

کلابریا نیوز کے مطابق: ’ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کے جسم کے حصوں پر مخفی شیف کے ٹیٹوز واضح تھے، جو حکام کے ریکارڈ میں موجود ایک مفرور مافیا رکن سے ملتے جلتے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بوکا چیا میں موجود اپنے ٹھکانے سے بیارٹ اور ان کی اہلیہ نے ایک یوٹیوب چینل تخلیق کیا تھا، جس کا مقصد اطالوی کھانوں کی تراکیب بتانا تھا۔ اس چینل کی ویڈیو میں اکثر اوقات ایک مخفی شیف بھی دکھائی دیتے تھے جن کا چہرہ چھپا ہوتا تھا۔

پولیس کے بیان کے مطابق: ’اطالوی کھانوں کی محبت نے سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس اور ویب پر موجود اس سراغ کو تلاش کرنا یقینی بنایا۔‘

بیارٹ 2014 میں اٹلی سے اس وقت فرار ہو گئے تھے جب ریگو کلابریا کی عدالت نے انہیں حراست میں لینے کا حکم جاری کیا تھا۔

وہ گذشتہ پانچ سال سے بوکا چیا کے سیاحتی مقام میں موجود اطالوی برادری کے ساتھ رہائش پذیر تھے اور اپنے لیے ’مارک‘ کا نام استعمال کر رہے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایندرینگیتا کو دنیا میں منظم جرائم کا سب سے طاقتور نیٹ ورک مانا جاتا ہے، جس کی وجہ یورپی کوکین مارکیٹ پر اس کا غلبہ ہے۔

دی گاڑدین کی رپورٹ کے مطابق ایندرینگیتا کے ایک اور کارکن کو سوموار کو پرتگال سے گرفتار کیا گیا ہے۔ فرانسسکو پیلے 14 سال سے فرار تھے اور ان کا شمار خطرناک ترین مفروروں میں ہوتا تھا۔ انہیں لزبن کے ایک کلینک سے اس وقت تلاش کیا گیا تھا جب وہ وہاں کووڈ 19 کا علاج کرا رہے تھے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا