مطالبات منظور نہ ہونے پر لانگ مارچ کریں گے: منظور پشتین

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران منظور پشتین نے کہا: ’پی ٹی ایم مطالبات کی منظوری میں تاخیر پر غور کرے گی اور اگر مثبت نتائج سامنے نہ آئے تو لانگ مارچ کا آپشن موجود ہے، جبکہ احتجاج کے دوسرے طریقے بھی بروئے کار لائے جائیں گے۔‘

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں منظور پشتین نے صوبہ خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے کی تجویز بھی دی (سکرین گریب)

پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین نے مطالبات کی منظوری میں تاخیر کی صورت میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے دھمکی دے دی ہے، تاہم انہوں نے اس سلسلے میں کسی تاریخ کا اعلان کرنے سے گریز کیا۔

جمعے کو اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران منظور پشتین نے کہا: ’پشتون قوم اپنے خلاف ہونے والے مظالم اور زیادتیوں سے تنگ آ گئی ہے اور ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’پی ٹی ایم مطالبات کی منظوری میں تاخیر پر غور کرے گی اور اگر مثبت نتائج سامنے نہ آئے تو لانگ مارچ کا آپشن موجود ہے، جبکہ احتجاج کے دوسرے طریقے بھی بروئے کار لائے جائیں گے۔‘

پی ٹی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں نے پی ٹی ایم کے سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کر رکھا ہے جبکہ مذاکرات کے مواقعوں کو جان بوجھ کر ضائع کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں منظور پشتین نے صوبہ خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے کی تجویز بھی دی۔

 

منظور پشتین نے کہا: ’صرف پی ٹی ایم نہیں بلکہ ہر پشتون کا یہ مطالبہ رہا ہے اور یہ خواہش ہے کہ چمن سے لے کر بونیر، سوات اور چترال تک اس کو پشتونخوا یا ایک نام دے دیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’خیبرپختونخوا بھی اچھا نام ہے، خیبر بھی پشتونخوا کا حصہ ہے لیکن یہ پشتونوں کی اکثریت کی خواہش ہے کہ چمن سے لے کر چترال تک ایک ہی صوبہ ہو تاکہ وہ متحدہ بھی ہوسکیں اور ایک ہی نام سے جانے جاسکیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک سوال کے جواب میں منظور پشتین کا کہنا تھا کہ ’پشتون قوم پر مشتمل علاقوں کو ایک اکائی بنانے اور اس کو ایک نام دینے کا مطالبہ پرانا ہے اور تمام پشتون اس پر متفق ہیں۔‘

انہوں نے کہا:’اس اکائی کا نام کچھ بھی ہو سکتا ہے، مثلاً پشتونخوا، اباسین یا افغانیہ وغیرہ ہوسکتا ہے۔‘

منظور پشتین نے مزید کہا کہ پشتونوں کی اکائی کے نام کے سلسلے میں ایک قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی ہے اور مزید بھی سامنے آ سکتی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان