چاڈ کے صدر محاذ جنگ پر فوجیوں سے ملاقات کے دوران ہلاک

شمال وسطیٰ افریقہ کے ملک چاڈ کے صدر ادریس دیبی باغیوں کے خلاف لڑائی لڑنے والے فوجیوں کی صفوں کے دورے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔

(اے ایف پی)

شمال وسطیٰ افریقہ کے ملک چاڈ کے صدر ادریس دیبی باغیوں کے خلاف لڑائی لڑنے والے فوجیوں کی صفوں کے دورے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔

چاڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ 30 برس تک اقتدار میں رہنے والے ملک کے صدر ادریس دیبی اگلے محاذ پر زخموں کے نتیجے میں چل بسے۔ وہ  19 اپریل کو چھٹی بار صدر منتخب ہوئے تھے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق چاڈ کی فوج کے ترجمان جنرل اعظم برمندوآ انگونہ نے منگل کو سرکاری ٹیلی ویثن پر بیان میں کہا ہے کہ صدر ادریس ملک کے شمالی حصے میں اگلے فوجی محاذ کے دورے پر گئے تھے جہاں ملک کی فوج باغیوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔

بیان کے مطابق اس موقع پر وہ زخمی ہو گئے اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ادریس نے محاذ جنگ پر قوم کی خود مختاری کا تحفظ کرتے ہوئے آخری سانس لی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدارتی انتخاب کے پیر کو جاری ہونے والے عبوری نتائج کے مطابق 68 سالہ صدر ادریس دیبی نے 11 اپریل کو ہونے والے الیکشن میں 79.3 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے۔

ادریس دیبی 1990 میں اقتدار میں آئے تھے۔ ان کی صدارتی مہم کے ڈائریکٹر محمد زین بدا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا ہے کہ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ صدارتی الیکشن میں فتح کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کریں گے لیکن اس کی بجائے وہ اگلے مورچوں پر لڑنے والے چاڈ کے فوجیوں سے ملاقات کے لیے چلے گئے جو باغیوں کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صدر دیبی کو ملک کے شمالی حصے میں طویل عرصے سے بغاوتوں کا سامنا تھا جب کہ چاڈ کی تیل کے دولت کے انتظام اور مخالف کے خلاف کریک ڈاؤن کے معاملے پر عوامی دباؤ کا شکار تھے۔

فرنٹ فار چینج اینڈ کنکورڈ ان چاڈ (ایف اے سی ٹی) نامی باغی گروپ نے لیبیا کے ساتھ ملنے والی شمالی سرحد کو اپنا بیس بنا رکھا ہے۔ الیکشن والے دن باغیوں نے ایک سرحدی چوکی کو نشانہ بنایا تھا اور بعد میں ملک کے جنوب میں سینکڑوں کلومیٹر تک پیش قدمی کی جسے سرکاری فوج نے ہفتے کے اختتام پر روک دیا۔

فوجی ترجمان نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ فوج نے ہفتے کو تین سو باغیوں کو ہلاک اور 150 کو گرفتار کر لیا ہے۔

امریکہ نے ہفتے کو چاڈ میں اپنے سفارت خانے کے غیرضروری عملے کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ اس سے ایک دن پہلے برطانیہ نے اپنے شہریوں کو ملک سے جانے کا کہا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا