بیٹی کا میک اپ نہ کرنے پر ماں نے بیوٹیشن پر تیزاب پھینک دیا

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پیش آنے والے اس واقعے میں 32 سالہ بیوٹیشن کا جسم بری طرح متاثر ہوا تاہم چہرہ محفوظ رہا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ملزمہ نے ابتدائی تفتیشی بیان میں پولیس کو بتایا کہ بیوٹیشن نے ان کی بیٹی کی منگنی پر میک اپ کرنے سے انکار کیا تھا اور ان کی بیٹی کو بدصورت ہونے کے طعنے دیے تھے(فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پولیس نے ایک 40 سالہ خاتون کوحراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ایک مقامی بیوٹیشن پر تیزاب سے حملہ کیا، جس سے ان کا جسم بری طرح متاثر ہوا۔

مظفرآباد پولیس کے ایک اہلکار سہراب خان نے بتایا کہ ’یہ واقعہ ہفتے کے روز شہر کے نواحی علاقے شاہناڑہ میں پیش آیا، جہاں طارق آباد کی رہائشی 32 سالہ خاتون پر برقع پوش نامعلوم خاتون نے اس وقت تیزاب پھینکا، جب وہ مظفرآباد کی مدینہ مارکیٹ میں واقع بیوٹی پارلر پر اپنا کام ختم کرکے پیدل گھر جا رہی تھی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاتون کا چہرہ محفوظ رہا تاہم ان کے جسم کے کئی حصے تیزاب سے بری طرح متاثر ہوئے، جن کا علاج مظفرآباد کے ایک سرکاری ہسپتال  میں جاری ہے۔

حملہ آور خاتون کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی تھی، تاہم پولیس نے انہیں چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کر لیا۔

 پولیس کے مطابق ملزمہ کی عمر 40 سال کے لگ بھگ ہے اور وہ دارالحکومت مظفرآباد علاقے کے رنجاٹہ کی رہائشی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملزمہ نے ابتدائی تفتیشی بیان میں پولیس کو بتایا کہ بیوٹیشن نے ان کی بیٹی کی منگنی پر میک اپ کرنے سے انکار کیا تھا اور ان کی بیٹی کو بدصورت ہونے کے طعنے دیے تھے، لہذا وہ اس بات پر دلبرداشتہ تھیں اور فیصلہ کیا تھا کہ وہ بدلہ ضرور لیں گی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ بیوٹیشن ہفتے کے روز کام ختم کرکے جب اپنے گھر جانے کے لیے نکلیں تو ملزمہ نے ان کا پیچھا شروع کر دیا اور شاہناڑہ میں نسبتاً سنسان گلی میں پہنچ کر اپنے پاس موجود تیزاب کی بوتل ان پر انڈیل دی۔

 پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمہ بیوٹیشن کے چہرے پر تیزاب ڈالنا چاہتی تھی مگر جلد بازی میں کامیاب نہ ہوسکیں جبکہ وہ متاثرہ خاتون کا موبائل بھی چھین کر لے گئیں تاکہ وہ کسی کو فون کال نہ کرسکیں۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون کا علاج کرنے والی ایک ڈاکٹر کے مطابق تیزاب سے ان کے جسم کے کئی اعضا کو نقصان پہنچا، تاہم ان کا چہرہ محفوظ رہا۔

تھانہ سٹی کے ایس ایچ او راشد حبیب مسعودی نے صحافی عبدالواجد خان نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف اے پی سی کی دفعہ 336 بی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور وہ سٹی پولیس سٹیشن کے زنانہ حوالات میں بند ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان