نجی تقاریب میں سکیورٹی، پروٹوکول کے ساتھ نہیں جاؤں گا: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ بچانے اور عوام کو پریشانی میں نہ ڈالنے کے لیے کسی بھی نجی تقریب میں بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی کے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن سے قبل جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک ’وی آئی پی کلچر‘ کے خاتمے کا وعدہ بھی شامل تھا (اے ایف پی/ فائل)

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ بچانے اور عوام کو پریشانی میں نہ ڈالنے کے لیے کسی بھی نجی تقریب میں بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی کے جائیں گے۔

عمران خان نے یہ بات ایک ٹویٹ کے ذریعے کہی جس میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزرا، گورنرز اور پاکستان تحریک انصاف کے وزرائے اعلیٰ کے پروٹوکولز اور سکیورٹی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروٹوکولز اور سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کیسے خرچوں کو کم کیا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی عوام کو درپیش پریشانی کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن سے قبل جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک ’وی آئی پی کلچر‘ کے خاتمے کا وعدہ بھی شامل تھا۔

تاہم بعد میں پاکستان تحریک انصاف کے وزار کو پروٹوکولز اور سکیورٹی کے نام پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاروں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اب اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

انہوں نے اپنی سلسلہ وار دو ٹویٹس میں اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ اس بارے میں آئندہ ہفتے کابینہ ایک جامع پالیسی کا فیصلہ کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ’ہم نوآبادیاتی دور کی اس شان و شوکت کو ختم کر دیں گے جو لوگوں کو مرعوب کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسی بارے میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزرا اور گورنرز کو پروٹوکول میں کمی لانے کی ہدایات کی ہیں جبکہ بڑے پروٹوکول پر ایکشن لیے کا بھی کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم نے پروٹوکول اور سکیورٹی کے حوالے سے سادگی کی ابتدا انہوں نے اپنی ذات سے کی ہے۔‘

’وزیر اعظم نے سکیورٹی اور پروٹوکول کی وجہ سے عوام کو پہنچنے والی دقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی نجی و سماجی مصروفیات تقریباً ترک کی ہوئی ہیں تاکہ ان کی آمدورفت کم سے کم ہو۔‘

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گاڑی پر جھنڈا لہرانے کے نظام کا بھی از سر نو جائزہ لیا جائے اور کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی پالیسی پیش کی جائے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست