امیریکن ایئر لائن کی ایک پرواز میں ایک خاتون کو باقاعدہ طور پر ان کی کرسی کے ساتھ ٹیپ کی مدد سے باندھ دیا گیا۔ کمپنی کے مطابق ایسا مذکورہ خاتون کی جانب سے جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش اور عملے کے ایک رکن پر تشدد کرنے کے بعد کیا گیا۔
اس حیران کن واقعے کی ابتدائی ویڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی جو اتوار کو ٹوئٹر تک پہنچ گئی۔ اس آرٹیکل کی اشاعت تک اصل ویڈیو کو حاصل نہیں کیا جا سکا۔
امیریکن ایئر لائنز کے ترجمان نے دی انڈپینڈنٹ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ایک خاتون (جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) کو عملہ ارکان نے رات گئے ڈیلاس، ٹیکسس سے شارلوٹ، نارتھ کیرولینا جانے والی پرواز پر باندھ دیا تھا۔
کمپنی ترجمان کے مطابق: ’چھ جولائی کو ڈیلاس کے فورٹ ورتھ (ڈی ایف ڈبلیو) ہوائی اڈے سے شارلوٹ (سی ایل ٹی) جانے والی امیریکن ایئرلائن کی پرواز 1774 کے عملے نے دوران پرواز ایک ممکنہ سکیورٹی خدشے کا اظہار کیا جب ایک خاتون مسافر نے جہاز کا داخلی دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور ایک عملہ رکن کو جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کاٹ کر زخمی کر دیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پرواز میں جانے والے دیگر مسافروں اور عملے کی حفاظت اور سکیورٹی کے پش نظر مذکورہ مسافر کو شارلوٹ میں جہاز کے لینڈ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے والے محکمے کی آمد تک سیٹ سے باندھ دیا گیا۔ ہم اپنے عملے کے پیشہ ورانہ رویے اور جہاز میں موجود افراد کی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے فوری اقدامات پر ان کی تعریف کرتے ہیں۔‘
اتوار کو ٹک ٹاک پر ’آریانا میتھینا‘ نامی اکاؤنٹ کا ایک سکرین گریب ٹوئٹر پر لائف سٹائل انفلونسر مائیک سنگٹن نے پوسٹ کیا جس میں ایک خاتون کو سلور رنگ کی ڈکٹ ٹیپ سے اپنی نشست پر بندھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے ہاتھوں کو بھی ایک نامعلوم چیز سے ان کی پشت پر باندھا گیا تھا جب کہ ان کا منہ بھی ڈکٹ ٹیپ سے بندھا ہوا تھا۔
American Airlines passenger was duct taped to her seat after she tried to open the plane door, then bit a flight attendant. pic.twitter.com/nDsu3GWnOP
— Mike Sington (@MikeSington) July 11, 2021
امیریکن ایئر لائنز کے بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا کسی مسافر نے بھی خاتون کو باندھنے میں عملے کی مدد کی ہے۔
کمپنی کے مطابق شارلوٹ میکلین برگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار گیٹ پر پرواز کا انتظار کر رہے تھے، جنہوں نے باقی مسافروں کے اترنے کے بعد مذکورہ خاتون کو معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ خاتون کو ایئرلائن کی اندرونی فہرست میں بکنگ کے لیے مسترد کر دیا گیا تھا۔ خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے پولیس سے رابطے کی کوشش کی گئی جو کامیاب نہیں ہو سکی۔
© The Independent