خیبر پختونخوا کے17 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات

تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں اور لوگ آج باجوڑ، مہمند اور خیبر میں اپنے نمائندے منتخب کریں گے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں آج (اتوار کو) بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔

جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور اور بونیر شامل ہیں۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں اور انتخابات کے پہلے مرحلے میں باجوڑ، مہمند اور خیبر میں انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ باقی قبائلی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

جمعے کی رات ڈیرہ اسمعیل خان میں سٹی میئر کے عہدے کے لیے عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار ایڈوکیٹ عمر خطاب شیرانی کے قتل کے بعد شہر میں انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات صرف سٹی میئر کے عہدے کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں، جب کہ نچلی سطح پر الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

خیال رہے کہ انتخابی مہم 17 اور 18 دسمبر کی درمیانی شب ختم ہوگی تھی۔

الیکشن کمیشن کے پبلک ریلیشن آفیسر سہیل احمد کا کہنا ہے کہ ان انتخابات میں ایک کروڑ 26 لاکھ، 68 ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ، 15 ہزار 767 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 56 لاکھ، 53 ہزار اور 95 ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ان انتخابات کے لیے کُل نو ہزار 223 پولنگ سٹیشن اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں سے چار ہزار 188 پولنگ سٹیشن حساس اور دو ہزار 507 زیادہ حساس قرار دیے گئے ہیں۔

یہ انتخابات ویلج و نیبرہڈ کونسل (دیہی علاقوں میں ویلج کونسل اور شہری میں نیبرہڈ کونسل کہا جائے گا) اور تحصیل کونسل کے لیے منعقد کیے جائیں گے جس میں تحصیل کونسل کے چیئرمین کا انتخاب بھی ہوگا۔

سہیل احمد کے مطابق مجموعی طور پر سٹی میئر اور تحصیل چیئر مین کی نشستوں کے لیے 689 امیدواروں، ویلیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285، خواتین کی نشستوں پر تین ہزار 873، مزدور و کسان کی نشستوں کے لیے سات ہزار 428، یوتھ نشستوں پر چھ ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس مرتبہ بلدیاتی انتخابات میں سب سے بڑا عہدہ چیئرمین ہے اور تحصیل چئیرمین تحصیل کی سطح کی مقامی حکومت کی ایگزیکٹیو اتھارٹی ہوں گے۔

اس سے قبل صوبے میں ضلعی کونسل، تحصیل کونسل اور ویلج ونیبرہڈ کونسل میں انتخابات منعقد کیے جاتے تھے جس میں ضلعی ناظم کا عہدہ سب سے بڑا سمجھا جاتا تھا۔

یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے قانون میں تبدیلی کر کے ضلعی کونسل کو ختم کردیا ہے۔

تحصیل اور ویلج نیبرہڈ کونسل دونوں کے لیے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہو رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست